مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ڈنمارک کے وزیر خارجہ لارس لوک راسموسن نے ٹیلی فونک ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کی تازہ ترین صورتحال اور اس کے فروغ کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
اس ٹیلی فونک گفتگو میں ایران کے وزیر خارجہ نے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات کو تہران اور کوپن ہیگن کے لیے قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کی ترقی کے لیے باقاعدگی سے مذاکرات جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ امیر عبداللہیان نے یوکرین کی جنگ کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران جنگ کے خلاف ہے اور اس نے اس بحران کے حل کے لیے سیاسی حل تجویز کیا ہے اور اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ کسی ایک فریق کی طرف سے مسلح اقدام سے کشیدگی بڑھے گی اور خطے کے استحکام میں کمی آئے گی۔
اس دوران ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے بھی دونوں ممالک کے تعلقات کو تاریخی اور اہم قرار دیا۔
لارس لوک راسموسن نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ مذاکرات کو اہم قرار دیتے ہوئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کے جاری رہنے پر تاکید کی۔
اس ٹیلی فونک گفتگو میں فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور قونصلر مشاورت کو مضبوط بنانے کے لیے طریقہ کار وضع کرنے پر اتفاق کیا۔
آپ کا تبصرہ