17 جون، 2023، 8:58 AM

سعودی وزیر خارجہ آج تہران پہنچیں گے/فیصل بن فرحان سعودی شاہ کا اہم پیغام ایرانی حکام تک پہنچائیں گے

سعودی وزیر خارجہ آج تہران پہنچیں گے/فیصل بن فرحان سعودی شاہ کا اہم پیغام ایرانی حکام تک پہنچائیں گے

شہزادہ فیصل بن فرحان دونوں ملکوں کے تعلقات کے حوالے سے سعودی بادشاہ سلمان بن عبد العزیز کا ایرانی صدر آیت اللہ رئیسی تک پہنچائیں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سعودی عرب کے وزیر خارجہ آج تہران کا دورہ کررہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کے بعد کسی اعلی سعودی عہدیدار کا پہلا دورہ ایران ہے۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان دونوں ملکوں کے تعلقات کے حوالے سے سعودی بادشاہ سلمان بن عبد العزیز کا ایرانی صدر آیت اللہ رئیسی تک پہنچائیں گے۔

سعودی وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوران اعلی ایرانی حکام سے دونوں ملکوں کے تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔ ایرانی حکومت کے ترجمان علی بہادری جہرمی نے ان کی دورہ تہران کی تصدیق کرتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ تہران میں سعودی سفارت خانے کے افتتاح کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوگی۔ ایران ریاض اور جدہ میں پہلے ہی اپنے سفارت خانے اور قونصل خانے کا افتتاح کرچکا ہے۔

باخبر ذریعے نے مہر نیوز کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکام تہران کے ایک ہوٹل میں سفارتی امور انجام دینے کے لئے بات چیت کرچکے ہیں۔ گذشتہ مہینوں کے دوران ایران کا دورہ کرنے والے سعودی وفود اس ہوٹل میں قیام کرچکے ہیں۔

مستقل طور پر سفارت خانے کی عمارت کے بارے میں فیصلہ ہونے تک سفارتی امور اسی ہوٹل میں انجام دیے جائیں گے۔ سعودی حکام کے مطابق تہران کے علاقے نیاوران میں واقع سعودی سفارت خانے کی عمارت قابل استفادہ نہیں ہے۔

اطلاعات کے مطابق ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کے درمیان بھی ملاقات ہوچکی ہے۔ اس سے پہلے بیجنگ میں بھی دونوں نے ملاقات کی تھی۔

یاد رہے کہ چین کی ثالثی میں ایران اور سعودی عرب نے تعلقات کی بحالی پر اتفاق کیا تھا۔ ایرانی صدر آیت اللہ رئیسی کے دورہ چین کے موقع پر چینی صدر نے ان کو اعتماد میں لیا تھا۔ اس کے بعد دونوں ملکوں کی سلامتی کونسل کے مشیروں نے معاہدے پر باقاعدہ دستخط کیے تھے۔

ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان نے لبنان کے دورے کے دوران باقاعدہ تصدیق کی تھی کہ ایران اور سعودی عرب تعلقات کو بحال کرتے ہوئے سفارتی مشنز کھولنے پر اتفاق کرچکے ہیں۔

اس موقع پر امیر عبداللہیان نے کہا تھا کہ عید الفطر سے پہلے انہوں نے سعودی ہم منصب کو دورے کی رسمی دعوت ارسال کی ہے۔ سعودی وزیر خارجہ نے قبول کرتے ہوئے مجھے جوابی دعوت نامہ ارسال کیا ہے تاکہ تعلقات کی بحالی کے سلسلے میں مذاکرات کیے جائیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے بھی کہا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی بحالی کے سلسلے میں کوئی رکاوٹ نہیں اور دونوں نے مکمل آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے سفارت خانے کھولنے کے لئے ماحول کو مکمل سازگار قرار دیا تھا۔

مہر نیوز کے مطابق سعودی عرب کے ساتھ تعلقات مکمل طور پر بحال ہونے سے مصر اور بحرین کے ساتھ بھی پیشرفت ہوگی اور عرب دارالحکومتوں اور تہران کے درمیان سفارتی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوجائیں گی۔

News ID 1917236

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha