مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق مرکز اطلاعات فلسطین نے خبر دی ہے کہ کل منگل کی شام اسرائیلی قابض فوج نے مسلسل تیسرے روزمسجد اقصیٰ پر دھاوا بول کر نمازیوں کو طاقت کے ذریعے بے دخل کرنے کی کوشش کی۔ قابض فوج نے آج صبح ایک بار پھرمسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا اور وحشیانہ تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے سیکڑوں نمازیوں کو زخمی جب کہ کم سے کم 400کو گرفتار کرکے نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ درجنوں قابض فوجیوں نے بھاری ہتھیاروں سے لیس ہوکر مسجد اقصیٰ پر حملہ کر کے نمازیوں کو القبلی کے نماز گاہ سے باہر نکال دیا۔ اس موقعے پر قابض فوج نے مسجد اقصیٰ میں اعتکاف میں بیٹھے روزہ داروں پر چڑھائی کردی اور ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی گئی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض فوج نے مسجد قبلی کی چھت پر چڑھ کر نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اورانہیں مسجد اقصیٰ سے نکلنے پرمجبور کیا گیا۔ قابض فوج نے اعتکاف میں بیٹھے روزہ داروں پر براہ راست حملہ کیا اور ان پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں سیکڑوں نمازیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
گذشتہ سوموار کو قابض فوج نے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا اور نمازیوں کو زبردستی وہاں سے نکال دیا تھا۔
آپ کا تبصرہ