مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے وفد کے ہمراہ زمان پارک میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئی یہ سمجھتا ہے عمران خان گھٹنے ٹیک دے گا تو یہ نہیں ہو سکتا، ملک کی بہتری کیلئے آرمی چیف سے بات کرنے کو تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ چیلنج کرتا ہوں مجھ پر اور اہلیہ پر ایک کرپشن کا کیس ثابت کر دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پورا زور لگایا گیا پرویزالٰہی میرا ساتھ چھوڑ دیں، اب ہم نے پرویزالٰہی کے ساتھ وفاداری دکھانی ہے، میں کسی کیساتھ بے وفائی نہیں کر سکتا۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جان کے خطرے سے متعلق میری ریکارڈ شدہ ویڈیو موجود ہے، یہ ویڈیو بیرون ملک موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ہی بارمیں عام انتخابات ہو جائیں تو پیسے کی بچت ہوگی، ہم پی ڈی ایم کے امپائرز کے باوجود الیکشن جیتیں گے، اوورسیز پاکستانی پی ٹی آئی کیساتھ ہیں۔ اور وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان پھلے پھولے، ترقی کرے اور دنیا میں پاکستان کا نام ہو، پاکستان خوداری کیساتھ اپنے فیصلے خود کرے، مگر موجودہ حکمران پاکستان کو غلام ہی رکھنا چاہتے ہیں۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم پوری قوت کیساتھ تحریک انصاف کیساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں الیکشنز کی تاریخ دینا خوش آئند بات ہے، جس کا پوری پاکستانی قوم سمیت بھرپور خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جس طرح عوام کش معاشی پالیسیوں کی راہ پر گامزن ہے اور ملک کو مسلسل سیاسی عدم استحکام کی طرف دھکیل رہی ہے، آئندہ عام انتخابات میں صرف تحریک انصاف کو ووٹ پڑیں گے۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ اس وقت عوامی بیانیے کی صحیح معنوں میں ترجمانی پاکستان تحریک انصاف کر رہی ہے، چور دروازے سے اقتدار کے ایوانوں میں گھس بیٹھنے والے حکمرانوں کی شکست نوشتہ دیوار ہے۔ تمام تر منفی ہتھکنڈوں کے باوجود جیل بھرو تحریک کامیابی سے ہمکنار ہوئی ہے، جس میں عوام نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات میں تمام مسائل پر بات ہوئی ہے، مجلس وحدت مسلمین اور پی ٹی آئی کا اتحاد کسی سیاسی فائدے کیلئے نہیں بلکہ ملک وملت کے وسیع تر مفادات کے لیے ہے، جس میں آئین و قانون کی بالادستی، انسانی حقوق کی فراہمی اور غریب عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لانا اولین ترجیح اور بنیادی مقصد ہے۔ ملاقات کرنیوالے وفد میں علامہ احمد اقبال رضوی، سید ناصر عباس شیرازی، اسد عباس نقوی، میثیم کاظم اور دیگر شامل تھے۔
آپ کا تبصرہ