مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاسداران انقلاب اسلامی کی انٹیلی جنس آرگنائزیشن اور ایرانی وزارت انٹیلی جنس نے ایک مشترکہ اعلامیہ میں اعلان کیا ہے کہ 8 جنوری کو اصفہان میں وزارت دفاع کے صنعتی مرکز پر تخریب کاری کی ناکام کارروائی میں ملوث حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ایرانی وزارت انٹیلی جنس اور پاسداران انقلاب کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسلامی انقلاب کی عظیم فتح کی چوالیسویں سالگرہ کے موقع پر ہم تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایران کی معزز قوم کو یہ اعلان کرتے ہیں کہ وزارت انٹیلی جنس اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی انٹیلی جنس آرگنائزیشن کے قریبی تعاون اور وزارت دفاع کی مدد سے اصفہان میں وزارت دفاع کے ایک صنعتی مرکز پر تخریب کاری کی ناکام کوشش کے اصل مجرموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ چونکہ تحقیقات ابھی جاری ہیں لہذا مزید معلومات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اب تک صہیونی حکومت کے کرائے کے آلہ کار عناصر کا اس عمل میں ملوث ہونا ثابت ہو چکا ہے۔
بیان میں زور دیا گیا کہ یہ ناکام آپریشن مقبوضہ علاقوں کے اندر غاصب صہیونی حکومت پر پڑنے والی کاری ضربوں کا ایک مایوس کن ردعمل تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کی سرزمین پر جارحیت کی کسی بھی کارروائی کا ایرانی سیکورٹی فورسز کی جانب سے سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
آپ کا تبصرہ