26 اپریل، 2025، 11:30 PM

ایران اور بھارت کے سربراہان کا ٹیلیفونک رابطہ: علاقائی ممالک کے درمیان تعاون پر تاکید

ایران اور بھارت کے سربراہان کا ٹیلیفونک رابطہ: علاقائی ممالک کے درمیان تعاون پر تاکید

ایرانی صدر پزشکیان نے بھارتی وزیر اعظم مودی کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کے دوران پہلگام حملے کی مذمت کرتے ہوئے علاقائی ممالک کے درمیان قریبی تعاون اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا اور باہمی تعلقات اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

صدر پزشکیان نے پہلگام میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے بھارتی حکومت اور عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور خطے میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر علاقائی ممالک کے درمیان قریبی تعاون اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔

گفتگو کے صدر پزشکیان نے کہا کہ خطے میں دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی لہر تمام ممالک کی مشترکہ ذمے داریوں میں اضافہ کررہی ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ ہم قریبی تعاون کے ذریعے دہشت گردی کی جڑوں کو ختم کریں اور اپنے عوام کے لیے پائیدار امن قائم کریں۔

انہوں نے ایران اور بھارت کے بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات کا بھی ذکر کیا اور توقع ظاہر کی کہ دو طرفہ تعاون خصوصاً تجارت، معیشت اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں مزید وسعت پائے گا۔

انہوں نے چابہار بندرگاہ کو ایران، بھارت اور روس کے درمیان ایک اسٹریٹجک رابطے کا مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ منصوبوں پر عمل درآمد میں تیزی لانے کی ضرورت ہے تاکہ ٹھوس نتائج حاصل کیے جاسکیں۔

صدر ایران نے بھارتی وزیراعظم کو دورہ تہران کی باضابطہ دعوت بھی دی اور کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید گہرے اور ہمہ جہت تعاون کی راہیں ہموار ہوں۔

اس موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ڈاکٹر پزشکیان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے خود دہشت گردی کے زخم سہے ہیں، بھارتی عوام کے دکھ کو بہتر طور پر محسوس کرسکتا ہے۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف علاقائی اتحاد کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور بھارت کے تعلقات ترقی کی راہ پر گامزن ہیں اور بھارت ان تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم مودی نے ایران کے علاقائی و عالمی امن میں مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارت ایران اور امریکہ کے درمیان تنازعات سمیت تمام امور کے سفارتی حل پر زور دیتا ہے۔

وزیراعظم مودی نے شہید رجائی بندرگاہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایران کو ہر ممکن مدد کی پیشکش کی۔

News ID 1932209

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha