مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف ایران کے دورے پر تہران پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے صدر پزشکیان سے ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پاکستانی وزیراعظم کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان سرحدی سیکورٹی کے فروغ اور امن کے دشمن عناصر کے خلاف مشترکہ جدوجہد پر زور دیا۔
صدر پزشکیان نے پاکستانی وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان، اسلامی جمہوریہ ایران کا ایک اہم ہمسایہ ملک ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات قدیم تہذیبی اور ثقافتی روابط پر مبنی ہیں جو صدیوں اور ہزاروں سال پر محیط ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان اسلامی دنیا اور عالمی مسائل پر کئی مشترکہ مؤقف رکھتے ہی،ں۔ آج کی ملاقات میں ثقافتی، اقتصادی اور بین الاقوامی میدانوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ایرانی صدر نے واضح کیا کہ دونوں ممالک کے مابین پہلے سے طے شدہ معاہدوں اور دستاویزات پر عملدرآمد پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اور یہ اتفاق کیا گیا ہے کہ ایران و پاکستان کی مشترکہ سرحدیں ہر قسم کی بدامنی اور دہشتگرد اور جرائم پیشہ عناصر سے پاک ہونی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی اور قیامِ امن کا خیر مقدم کرتا ہے۔ ایران کا موقف ہے کہ تمام تنازعات کا پرامن اور گفت و شنید کے ذریعے حل، خطے اور دنیا میں پائیدار ترقی و سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔
صدر ایران نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مغربی و جنوبی ایشیا کو پہلے سے زیادہ امن و استحکام کی ضرورت ہے، جس کے لیے علاقائی ممالک کے ساتھ مثبت مشاورت اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعامل ضروری ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران مسئلہ فلسطین کو بھی اہم موضوع قرار دیتے ہوئے صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران اور پاکستان، اسلامی تعاون تنظیم کے فعال رکن ہونے کے ناطے فلسطین کے حامی اور غزہ کے مظلوم عوام کے پشت پناہ ہیں۔
انہوں نے اسرائیلی جرائم اور مغربی ممالک کی خاموشی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اسلامی دنیا سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین کی مکمل حمایت کے لیے متحد ہو۔
اس موقع پر پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ ایک انتہائی اہم موڑ پر برادر ملک ایران جسے وہ اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، کے دورے پر موجود ہیں۔
انہوں نے ایرانی حکومت کی طرف سے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے ایرانی عوام کے برادرانہ جذبات کا مظہر قرار دیا۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے تعمیری اور مثبت نشست منعقد ہوئی۔ ہمسایہ ممالک کی حیثیت سے ایران و پاکستان کو تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں معاہدے کرنے چاہئیں۔
آپ کا تبصرہ