مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تیرہ آبان یا 4 نومبر اسلامی انقلاب کی تاریخ کے تین اہم اور فیصلہ کن واقعات کی یاد دلاتا ہے۔ اس روز امام خمینی (رح) کو ترکی جلاوطن کیا گیا تھا، ظالم شاہی حکومت نے اسکولی طلبہ کا قتل عام کیا تھا، اور امام خمینی کے پیروکار طلبہ کے ایک گروہ نے تہران میں امریکہ کے سفارت خانے نما جاسوسی کے اڈے پر قبضہ کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق، آج اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عالمی استکبار کے ساتھ مقابلہ کا قومی دن جوش و ولولہ کے ساتھ منایا گيا اس موقع پر طلباء نے ریلیوں میں بھر پور شرکت کی اور امریکہ و اسرائيل کے خلاف نعرے لگائے اور امریکہ و اسرائيل کے پرچموں کو آگ لگا دی۔
عالمی سامراج کے خلاف ایرانی عوام کی جد وجہد کے مختلف ادوار میں رونما ہونے والے تینوں واقعات اسلامی انقلاب کی تاریخ میں سنگ میل کی حثیت رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ایران کے سرکاری کیلنڈر میں اس دن کو عالمی سامراج کے خلاف جدوجہد کا قومی دن قرار دیا گیا ہے۔
ایران کے عوام اس دن یعنی عالمی استکبار سے مقابلے کے قومی دن کی مناسبت سے ہر سال سامراج کے خلاف اپنے اتحاد و یکجہتی اور قومی اقتدار کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سامراجیت کے خلاف ریلیاں نکالتے اور استکبار مخالف نعرے لگاتے ہیں-
آپ کا تبصرہ