امریکہ ہم پرنہ مذاکرات اور نہ ہی جنگ مسلط کرسکتا ہے/ امریکی منہ زوری کا دور ختم

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے ویڈیو لنک کے ذریعہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس سے خطاب میں امریکہ کی منہ زوری اور تسلط پسندی کے خاتمہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ہم پر نہ مذاکرات اور نہ ہی جنگ مسلط کرسکتا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے ویڈیو لنک کے ذریعہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس سے خطاب میں امریکہ کی منہ زوری اور تسلط پسندی کے خاتمہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ہم پر نہ مذاکرات اور نہ ہی جنگ مسلط کرسکتا ہے۔

صدر حسن روحانی نے امریکہ کی ظالمانہ اقتصادی پابندیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی پابندیوں میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے لیکن استقلال کی لذت اقتصادی پابندیوں کی تلخی سے کئي گنا بہتر ہے۔ ایرانی عوام کے لئے استقلال اور آزادی بہت ہی اہم ہے اور ہمیں اسلامی جمہوریت پر فخر اور ناز ہے۔ ہم اپنے اندرونی امور میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔

صدر حسن روحانی نے عالمی سطح پر امریکی حکومت کی دہشت گردی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان، عراق، شام، یمن، لیبیا اور دیگر ممالک میں امریکہ کی دہشت گردی نمایاں اور آشکار ہے۔ امریکہ دہشت گردوں تنظیموں کا بانی اور حامی ہے۔

امریکہ نے بین الاقوامی قوانین کو بری طرح پامال کیا ہے اور اسرائیل جیسی دہشت گرد حکومت کی بھر پور حمایت کررہا ہے ۔ امریکہ اسلام اور مسلمانوں کا پہلے درجے کا دشمن ہے۔

امریکہ نے سکیورٹی کونسل اور عالمی معاہدوں کی صریح خلاف ورزی کا ارتکاب کیا ہے ۔ امریکہ کی تسلط پسندی اور منہ زوری کا دور ختم ہوگيا ہے۔

امریکہ کی ایران کو اقتصادی پابندیوں کے ذریعہ دبانے اور جھکانے کی تمام کوششیں ناکام ہوچکی ہیں۔ ایران آج سیاسی، فوجی ، علمی ، سائنسی اور اقتصادی میدان میں اپنے پاؤں پر کھڑا ہے۔ ایران ترقی اور پیشرفت کی شاہراہ پر گامزن ہے۔

صدر حسن روحانی نے سکیورٹی کونسل میں ایران کے خلاف امریکہ کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے سلسلے میں سکیورٹی کونسل کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا ۔ صدر روحانی نے کہا کہ روس ، چين اور یورپی ممالک امریکہ کی منہ زوری اور تسلط پسندانہ پالیسی کو سمجھ چکے ہیں اور اب وہ سکیورٹی کونسل کو امریکی مفادات میں استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ امریکہ آج عالمی اور اندرونی سطح پر شدید مشکلات سے دوچار ہے ۔ آج امریکی شہری امریکہ کے پرچم کو نذر آتش کررہے ہیں ۔ امریکی پولیس کی اپنے شہریوں کے ساتھ بد رفتاری دنیا کے سامنے نمایاں ہوچکی ہے ۔ امریکہ زوال اور نابودی کی طرف بڑھ رہا ہے اور امریکہ کی منہ زوری اور تسلط پسندی کا خاتمہ قریب پہنچ گیا ہے۔

News Code 1903099

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • 9 + 7 =