مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے راہیان نور کے بعض کاروانوں میں شریک جوانوں سے ملاقات میں فرمایا: ہمارے پاس با صلاحیت ، با ایمان اور با اقتدار جوان موجود ہیں جو دشمن کامقابلہ کرنے کے لئے پہلی نسل سے کہیں زیادہ آمادہ ہیں۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے دفاع مقدس کے دور کو نورانی دور اور ایرانی تاریخ کا زرین باب قراردیتے ہوئے ہوئے فرمایا: عالمی طاقتوں نے انقلاب اسلامی کو نابود کرنے کے لئے ایرانی قوم پر 8 سال تک جنگ مسلط کی ۔ لیکن ایرانی قوم کے جوانوں نے ایمان، فداکاری، عظمت، تدبیر، شجاعت اور بصیرت کے ساتھ دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کیا جس کے نتیجے میں ایرانی قوم کو اس آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ میں کامیابی نصیب ہوئی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے 8 سالہ مسلط کردہ جنگ کو ایرانی قوم کی عزت، عظمت ، استقلال، آزادی اور اقتدار کامظہر قراردیتے ہوئےفرمایا: دفاع مقدس کا دور ایک عظیم ثقافتی ذخیرہ ہے جس کی بھر پور حفاظت کرنی چاہیے اور راہیان نور کا سلسلہ اس عظیم ثقافت کے تحفظ کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے تمام اداروں پر زوردیتے ہوئے فرمایا: اس عظیم ثقافتی یاد کو زندہ رکھنے کے سلسلے میں تمام اداروں کو تعاون فراہم کرنا چاہیے اور اس ثقافتی میراث میں ہر ادارے کو اپنا حصہ ادا کرنا چاہیے۔
آپ کا تبصرہ