20 نومبر، 2026، 1:12 PM

ایران پر امریکی الزامات، عراق جنگ کا پرانا ڈرامہ دہرایا جا رہا ہے، بقائی

ایران پر امریکی الزامات، عراق جنگ کا پرانا ڈرامہ دہرایا جا رہا ہے، بقائی

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ کیمیائی اور حیاتیاتی ہتھیاروں سے متعلق الزامات عالمی رائے عامہ کو خوفزدہ کرنے اور ایران کے خلاف فوجی جارحیت کا جواز پیدا کرنے کی کوشش ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران میں کیمیائی اور حیاتیاتی ہتھیاروں کی تیاری کے شواہد سے متعلق الزامات، عالمی رائے عامہ میں خوف پھیلانے اور جنگ و جارحیت کا جواز پیش کرنے کے لیے جھوٹ گھڑنے کے پرانے طریقے کی تکرار کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا عالمی رائے عامہ کو ایک بار پھر دھوکا دیا جا سکتا ہے؟

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی حکام ایران کے مبینہ جوہری خطرے کے حوالے سے ایک بڑا جھوٹ گھڑنے کے بعد اب یہ دعوی کر رہے ہیں کہ ایسے شواہد موجود ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران حیاتیاتی یا کیمیائی ہتھیار تیار کر رہا ہے۔

بقائی نے کہا کہ الزامات مسلسل تبدیل ہوتے رہتے ہیں، لیکن ان سب کے پیچھے بیانیے کا انداز ایک ہی ہے۔ بظاہر امریکی حکام سمجھتے ہیں کہ دنیا اجتماعی طور پر سب کچھ بھول چکی ہے، بالکل اسی طرح جیسے اینیمیٹڈ فلم ’’فائنڈنگ نیمو‘‘ کی بھلکڑ مچھلی ڈوری ہر بات بھول جاتی ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سوال اٹھایا کہ کیا امریکی حکام یہ توقع رکھتے ہیں کہ عالمی رائے عامہ 2003 میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کولن پاول کا بدنام زمانہ ڈرامہ بھول چکی ہے؟ انہوں نے یاد دلایا کہ اس وقت امریکی وزیر خارجہ کولن پاول نے ایک چھوٹی سی شیشی ہاتھ میں اٹھا کر اسے عراق کے مبینہ تباہ کن ہتھیاروں کے خطرے کی علامت کے طور پر پیش کیا تھا۔ بعد ازاں یہی شیشی جدید تاریخ کے مہلک ترین سیاسی فریبوں میں سے ایک کی مستقل علامت بن گئی۔

بقائی نے مزید کہا کہ عراق میں تباہ کن ہتھیاروں کی موجودگی سے متعلق جھوٹے الزامات کو عالمی رائے عامہ کو مشتعل کرنے، خوف پھیلانے اور اس ملک پر فوجی حملے کی راہ ہموار کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔ اس حملے کے نتائج نہ صرف عراقی عوام بلکہ پورے خطے اور خود امریکہ کے لیے بھی تباہ کن ثابت ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک بار پھر اسی مقام پر کھڑے ہیں، جہاں منحوس الزامات اور جھوٹے بیانیوں کی تکرار کے ذریعے وہی پرانا طریقہ دہرایا جا رہا ہے۔

اسماعیل بقائی نے سوال کیا کہ کیا دنیا نے 2003 کی تباہ کن غلطیوں سے کوئی سبق سیکھا ہے یا اسے ایک بار پھر آسانی سے دھوکا کھانے دیا جائے گا؟

News ID 1942992

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha