13 ستمبر، 2026، 8:55 PM

ایران اور جنوبی افریقہ کے درمیان مشترکہ اقتصادی کمیشن کے لیے تیار ہیں، صدر پزشکیان

ایران اور جنوبی افریقہ کے درمیان مشترکہ اقتصادی کمیشن کے لیے تیار ہیں، صدر پزشکیان

ایرانی صدر نے جنوبی افریقی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کے دوران جنوبی افریقہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے انعقاد کے لیے آمادگی ظاہر کی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا سے ملاقات میں کہا کہ جنوبی افریقہ اور مرحوم نیلسن منڈیلا ان کے نوجوانی کے دور میں ہمیشہ ظلم اور نسلی امتیاز کے خلاف جدوجہد کی علامت رہے ہیں۔ انہوں نے فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت میں جنوبی افریقہ کے موجودہ مؤقف کو بھی قابل قدر قرار دیا۔

صدر پزشکیان نے بین الاقوامی مسائل پر دونوں ممالک کے مشترکہ مؤقف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران مختلف شعبوں میں جنوبی افریقہ کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے تاکہ یہ سوچ دنیا میں بھی فروغ پائے۔

انہوں نے جنوبی افریقہ کے صدر کو تہران کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ایران مشترکہ تعاون کے پروگراموں کو آگے بڑھانے اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط و وسیع کرنے کے لیے مشترکہ کمیشن کے انعقاد کے لیے تیار ہے۔

جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا نے بھی دشمنوں کی جارحیت کے مقابلے میں ایرانی عوام کی مزاحمت اور استقامت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقہ کے لیے ایران کے ساتھ تعلقات ہمیشہ اہم رہے ہیں اور ہم مستقبل میں بھی ان تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کی کوشش کریں گے۔

رامافوسا نے غزہ میں اسرائیل کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقہ خود کو فلسطین کی حمایت کا پابند سمجھتا ہے اور مرحوم نیلسن منڈیلا بھی فلسطین کی حمایت پر زور دیتے تھے۔

انہوں نے برکس کے دائرہ کار میں ایران کے ساتھ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر بھی زور دیا اور کہا کہ مشترکہ اقتصادی کمیشن دونوں ممالک کے اقتصادی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے طویل مدتی حکمت عملی کے طور پر مؤثر ثابت ہوسکتا ہے۔

News ID 1941337

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha