17 دسمبر، 2025، 10:49 AM

ایرانی نائب وزیرخارجہ کی او آئی سی سیکرٹری جنرل سے ملاقات، غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال

ایرانی نائب وزیرخارجہ کی او آئی سی سیکرٹری جنرل سے ملاقات، غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال

ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے ریاض میں اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہٰ سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں عالمِ اسلام کی تازہ ترین صورتحال، غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم اور ایران و او آئی سی کے درمیان تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوامِ متحدہ کے الائنس آف سولائزیشنز (UNAOC) کے اجلاس کے موقع پر ایران اور او آئی سی کی قیادت کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔

کاظم غریب آبادی نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیلی حکومت کی جارحیت نے نہ صرف ایرانی عوام میں قومی اتحاد کو جنم دیا ہے بلکہ اس سے اسلامی ممالک کے درمیان یکجہتی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب سب پر یہ واضح ہو چکا ہے کہ صیہونی حکومت ہی خطے میں عدم استحکام کی اصل جڑ ہے جس نے عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

انہوں نے غزہ میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان جرائم کا باقاعدہ ریکارڈ رکھا جائے تاکہ مستقبل میں مجرموں کو عالمی عدالتوں میں سزا دلوائی جا سکے۔

او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہٰ نے تنظیم کے اندر ایران کے فعال اور مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم، اسلامی جمہوریہ ایران کے دفاع اور حمایت کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

انہوں نے ایران سے درخواست کی کہ وہ تنظیم کے مشن اور مقاصد کے حصول کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے، خاص طور پر امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے تہران کا تعاون ناگزیر ہے۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ فلسطین کے حقوق کے تحفظ اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے او آئی سی کے پلیٹ فارم کو مزید فعال بنائیں گے۔

News ID 1937140

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha