14 دسمبر، 2025، 1:09 PM

ایران کے جوہری معاملے پر عالمی سطح کی بات چیت جاری ہے، آئی اے ای اے

ایران کے جوہری معاملے پر عالمی سطح کی بات چیت جاری ہے، آئی اے ای اے

ڈائریکٹر جنرل رفائل گروسی نے کہا کہ ایران، امریکہ، یورپی ممالک، روس اور چین کے ساتھ تکنیکی مذاکرات کا مقصد جوہری پروگرام کے بارے میں قابل تصدیق اور قابل اعتماد حل تک پہنچنا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رفائل گروسی نے کہا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق مسئلے کے حل کے لیے مختلف فریقوں کے ساتھ مذاکرات اور مشاورت کا عمل جاری ہے۔

میڈیا کو ایک انٹرویو میں رافائل گروسی نے کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام پر بات چیت صرف ایران تک محدود نہیں بلکہ اس میں امریکہ، یورپی ممالک، روس اور چین بھی شامل ہیں، جن کے ساتھ ایک پائیدار اور قابل تصدیق فریم ورک کے قیام کے لیے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔

آئی اے ای اے کے سربراہ نے دعوی کیا کہ اس وقت ایران کے پاس تقریبا 400 کلوگرام یورینیم موجود ہے جو 60 فیصد تک افزودہ ہے۔ یہ افزودگی ہتھیاروں کے درجے کے قریب سمجھی جاتی ہے، جس کے باعث اس پر سخت اور انتہائی دقیق تکنیکی نگرانی ضروری قرار دی جاتی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران میں آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کی مکمل واپسی اور موجودہ معاہدات کے تحت نگرانی کے مشنوں کی بحالی، ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں معتبر اور قابل اعتماد جائزہ فراہم کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔

 گروسی نے کہا کہ مؤثر اور مسلسل نگرانی کے بغیر ایران کی جوہری سرگرمیوں کی نوعیت کے بارے میں کوئی حتمی اور قابل بھروسہ تکنیکی رائے قائم نہیں کی جاسکتی۔

انہوں نے واضح کیا کہ جاری مذاکرات اور تکنیکی مشاورت کا مقصد جوہری عدم پھیلاؤ سے متعلق خطرات میں کمی لانا اور اعتماد سازی کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش کرنا ہے۔

News ID 1937071

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha