11 جون، 2025، 1:35 PM

دباؤ کی سیاست کا بھرپور جواب دیا جائے گا، ایران کا انتباہ

دباؤ کی سیاست کا بھرپور جواب دیا جائے گا، ایران کا انتباہ

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ آئی اے ای اے کے اجلاس میں سیاسی قرارداد منظور ہونے کی صورت میں تہران سخت ردعمل دکھائے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کو دوٹوک انداز میں خبردار کیا ہے کہ اگر اُس نے امریکہ اور یورپی دباؤ میں آکر کوئی سیاسی قرارداد منظور کی، تو اسلامی جمہوریہ ایران اس کا مناسب، متوازن اور مؤثر جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ایران نے اپنی جوابی حکمت عملی تیار کرلی ہے، جس کے تحت کسی بھی یک طرفہ یا غیر منصفانہ اقدام کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔

بقائی نے آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی کی حالیہ رپورٹ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا، جس میں ایران پر تین غیر اعلانیہ مقامات پر جوہری سرگرمیوں کی اطلاع نہ دینے اور 60 فیصد افزودہ یورینیم کے ذخیرے پر خدشات کا اظہار کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ رپورٹ مکمل طور پر سیاسی ہے، جو امریکہ اور اس کے یورپی اتحادیوں کے مفادات کو تحفظ دینے کے لیے تیار کی گئی ہے۔

ترجمان نے گروسی کے بیانات کو ایران مخالف قوتوں کے سیاسی عزائم کا عکاس قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم توقع رکھتے ہیں کہ ایجنسی کے سربراہ کو امریکہ اور اسرائیل کی مسلسل دھمکیوں کی مذمت کرنی چاہیے۔

بقائی نے دوبارہ ایران کا موقف دہراتے ہوئے کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پرامن مقاصد کے لیے ہے، جس کا آئی اے ای اے اور جوہری عدم پھیلاؤ معاہدہ خود تسلیم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے کبھی جوہری ہتھیاروں کے حصول، تیاری یا ذخیرہ کرنے کا ارادہ نہیں کیا۔ ہمارے مذہبی اور اخلاقی اصول اس کی اجازت نہیں دیتے۔

دراین اثناء ایرانی اداره برائے ایٹمی توانائی کے سربراہ محمد اسلامی نے بھی گروسی کی رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ گروسی کے بیانات میں نہ کوئی تکنیکی بنیاد ہے، نہ قانونی جواز۔ یہ سب کچھ صیہونی حکومت کی نفسیاتی اور سیاسی مہم کا تسلسل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گروسی نے ان بیانات کے ذریعے اپنا اصلی چہرہ بے نقاب کر دیا ہے اور وہ اُن افراد میں شامل ہیں جو عرصے سے ایران کے خلاف نفسیاتی جنگ میں مصروف ہیں۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، کچھ یورپی ممالک IAEA پر دباؤ ڈال رہے ہیں تاکہ ایران کے خلاف ایک قرارداد منظور کی جائے۔ اگر یہ قرارداد منظور ہوگئی تو اقوام متحدہ کی معطل شدہ پابندیاں دوبارہ نافذ ہونے کا خطرہ پیدا ہوجائے گا۔

News ID 1933351

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha