مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی مسلح افواج کے سربراہ نے امریکہ کی مدد کے حوالے سے خطے کے ممالک کو سخت تنبیہ کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جنرل علی عبداللہی نے خلیج فارس کے جنوبی ساحلی ممالک سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ جو ممالک مختلف بیانات کے ذریعے یہ اعلان کرتے ہیں کہ وہ امریکہ کو اپنی سرزمین ایران کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ ہماری نظروں سے کوئی چیز پوشیدہ نہیں رہتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطے کے فوجی اڈوں پر موجود اتنی بڑی تعداد میں فوجی طیاروں، بالخصوص فضائی ایندھن بھرنے والے طیاروں کی موجودگی میزبان ممالک کے علم کے بغیر ہونا بعید از امکان ہے۔
مسلح افواج کے سربراہ نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ امریکہ کی جارح فوج کو کسی بھی قسم کی مدد یا سہولت فراہم کرنا امریکی فوجی دستوں کے ساتھ شراکت اور تعاون کے مترادف سمجھا جائے گا۔
انہوں نے خطے کے ممالک کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی جانب سے صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور امریکہ کی فوجی کارروائیوں میں کسی بھی نوعیت کی معاونت کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔
آپ کا تبصرہ