16 ستمبر، 2025، 7:41 PM

پاکستان نے جنگ کے دنوں میں یک زبان ہوکر ایران کی حمایت کی، ایرانی نائب صدر

پاکستان نے جنگ کے دنوں میں یک زبان ہوکر ایران کی حمایت کی، ایرانی نائب صدر

ایرانی نائب صدر نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات تاریخی و ثقافتی اشتراکات پر مبنی ہیں، دونوں ممالک نے ہمیشہ صہیونی جارحیت کی مذمت اور فلسطین کی حمایت میں یکساں موقف اپنایا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے نائب صدر محمدرضا عارف نے کہا ہے کہ جنگ کے ایام میں پاکستان کی طرف سے صرف ایک ہی صدا سنائی دی جوکہ ایران کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت تھی۔

تفصیلات کے مطابق تہران میں پاکستان کے وزیر تجارت جام کمال خان سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے دیرینہ تاریخی، ثقافتی اور دینی روابط، دونوں ممالک کے تعلقات کو وسعت دینے کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔

عارف نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے ایرانی وفود کا پرتپاک استقبال دونوں حکومتوں کے لئے یہ پیغام ہے کہ تعلقات موجودہ سطح سے آگے بڑھنے چاہئیں۔ ایران ہر شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لئے تیار ہے۔

انہوں نے بارہ روزہ جنگ میں پاکستان کے عوام، حکومت، ماہرین اور سیاسی قیادت کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک فلسطین کے مسئلے پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں اور صہیونی حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ اسلامی ممالک کی وحدت سے ہی اسرائیلی تجاوزات کا سدباب ممکن ہے۔

نائب صدر نے کہا کہ ایران اور پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم اور ایکو جیسے پلیٹ فارمز کے ذریعے تعاون کو مزید وسعت دینا چاہئے۔

مزید برآں، انہوں نے اقتصادی کمیشن کی فعالیت، سرحدی منڈیوں کے معاہدات پر عملدرآمد اور تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے پر زور دیا۔

ایرانی نائب صدر نے پاکستان میں حالیہ سیلاب میں جاں بحق افراد پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

پاکستانی وزیر تجارت جام کمال خان نے اس موقع پر ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے جنگ میں ایران کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی ہے۔

انہوں نے ایران کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی قدردانی کی اور کہا کہ مشترکہ اقتصادی کمیشن کو فوری طور پر فعال کیا جانا چاہئے۔

جام کمال خان نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں اور ایران میں حالیہ اقتصادی اجلاس، جس میں ۵۰۰ سے زائد نجی شعبے کے نمائندوں نے شرکت کی، اس تعاون کو مزید تقویت دے گا۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران میں مقیم پاکستانی شہری دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔

News ID 1935382

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha