مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے اسرائیل کے ساتھ جنگ میں کامیابی کے بعد دنیا کی آزاد و حریت پسند اقوام کو نیا حوصلہ بخشا ہے۔
گفتگو میں صدر پزشکیان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے مادورو کی جانب سے پیش کردہ امن سربراہی اجلاس کی تجویز اور مشرق وسطی سے متعلق جامع منصوبے کی بھرپور حمایت کی۔
صدر ایران نے وینزویلا کی حکومت کی جانب سے ایران کی قومی خودمختاری پر اسرائیلی جارحیت کی کھلی مذمت اور ایرانی قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کو شجاعانہ موقف قرار دیتے ہوئے سراہا، اور تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔
گفتگو کے دوران ڈاکٹر پزشکیان نے کہا کہ ایران سفارتکاری اور امن پر پختہ یقین رکھتا ہے، مگر امریکہ نے اپنی غیر ذمہ دارانہ اور سفارتی اصولوں کے منافی پالیسیوں کے ذریعے صہیونی جارحیت کی حمایت کی ہے۔
صدر ایران نے وینزویلا کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط اور اسٹریٹجک بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، اور کہا کہ دونوں ممالک کے حکام اس تعلق کو ہر شعبے میں وسعت دینے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔
دوسری جانب صدر نکولس مادورو نے ایرانی شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وینزویلا کی حکومت اور عوام اسلامی جمہوری ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
انہوں نے اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی باوقار، باشعور اور مزاحم قوم نے ان جارحیتوں کے مقابلے میں جس استقامت کا مظاہرہ کیا ہے، وہ تاریخ کا ایک سنہری باب بن گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام کی جرات مندانہ مزاحمت نے دنیا کی تمام آزاد و انصاف پسند اقوام کو حوصلہ دی ہے جو ترقی، امن اور سامراج مخالف جدوجہد کی راہ پر گامزن ہیں۔
آپ کا تبصرہ