4 جولائی، 2025، 10:02 AM

تل ابیب میں تباہی، ایران کے میزائل حملوں نے اسرائیل کو ہلا کر رکھ دیا، صہیونی اخبار

تل ابیب میں تباہی، ایران کے میزائل حملوں نے اسرائیل کو ہلا کر رکھ دیا، صہیونی اخبار

اسرائیلی اخبار معاریو نے انکشاف کیا ہے کہ ایرانی بیلسٹک میزائلوں نے اسرائیل کے حساس مراکز کو نشانہ بنایا، بحالی میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی اخبار معاریو نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کے میزائل حملوں سے تل ابیب اور گرد و نواح میں درجنوں عمارتیں مکمل تباہ اور سینکڑوں شدید متاثر ہوچکی ہیں جبکہ بحالی کا عمل کئی سالوں پر محیط ہوسکتا ہے۔

تل ابیب اور اس کے مضافاتی علاقوں میں ایران کے حالیہ میزائل حملوں نے اسرائیل کو شدید نقصانات سے دوچار کر دیا ہے، جنہیں اب خود اسرائیلی ذرائع چھپانے سے قاصر دکھائی دے رہے ہیں۔ اسرائیلی روزنامہ معاریو نے ایک جامع رپورٹ میں اس حقیقت کو تسلیم کیا ہے کہ 12 روزہ جنگ کے دوران ایران کے میزائل حملوں نے تل ابیب کے بنیادی ڈھانچے کو سنگین نقصان پہنچایا ہے۔ شہر کو جنگ کے بعد کے سب سے پیچیدہ حالات کا سامنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، ایران کے حملوں میں صرف تل ابیب ہی نہیں بلکہ رامات گان، بنی براک، حولون، بیت یام، جفعاتایم، رامات ہشرون اور ہرتسلیا جیسے قریبی شہر بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔ اب تک کم از کم 478 عمارتیں متاثر ہو چکی ہیں، جن میں سے متعدد کو مکمل مسمار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسرائیلی منصوبہ بندی محکمے سے وابستہ ماہر ارز بن الیعازر کے مطابق، تل ابیب جیسے گنجان آباد علاقے میں حملوں سے ہونے والے نقصانات صرف سطحی نہیں بلکہ بنیادی ڈھانچے تک پھیل چکے ہیں۔ بیت یام میں تقریبا 200 عمارتیں شدید متاثر ہوئیں، جن میں سے 50 کو سنگین نقصان اور 40 کو مکمل انہدام کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ رامات گان میں بھی کئی عمارتوں کو گرا دیا جائے گا، جب کہ تل ابیب میں ایک بلند و بالا ٹاور سمیت کئی اہم عمارات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

ادھر روزنامہ ہاآرٹز نے بھی اپنی رپورٹ میں ایران کی جانب سے کی گئی میزائل بارش کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ایران نے 12 دنوں میں تقریبا 530 بیلسٹک میزائلوں پر مشتمل 42 کارروائیاں کیں، جن کا نشانہ اسرائیل کے اہم اور حساس مراکز تھے۔

اسرائیلی دفاعی نظام نے ان حملوں کے جواب میں امریکی و اسرائیلی ساختہ فضائی دفاعی نظاموں سے 285 انٹرسیپٹر میزائل داغے، جن پر تقریبا 5 ارب شِکل یعنی روزانہ 725 ملین ڈالر کے قریب خرچ آیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ اسرائیلی میڈیا نے ابتدائی طور پر سخت سنسرشپ نافذ کی، مگر ایران کے انتہائی دقیق اور مہلک میزائل حملے اس قدر وسیع پیمانے پر تھے کہ اسرائیلی حکومت ان کے نقصانات کو مکمل طور پر چھپانے میں ناکام رہی ہے۔

News ID 1934076

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha