مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے کا دورہ کیا اور اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران خطے میں حالیہ اسرائیلی جارحیت پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ گورنر سندھ نے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور سفارتخانے کی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔
انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی امن کے لیے شدید خطرہ قرار دیا۔ گورنر سندھ نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی صحت اور سلامتی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ایرانی سفیر نے گورنر سندھ کو حج کی سعادت پر مبارکباد دی اور ان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ ایرانی سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف اور حکومتِ پاکستان کی مشکل وقت میں بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
آپ کا تبصرہ