22 جون، 2025، 11:45 PM

ایران، صہیونی حملوں میں شہریوں کی شہادت، پرامن جوہری تنصیبات پر امریکی حملہ، ایران کی جوابی کاروائی

ایران، صہیونی حملوں میں شہریوں کی شہادت، پرامن جوہری تنصیبات پر امریکی حملہ، ایران کی جوابی کاروائی

امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے میں بے گناہ شہریوں اور پرامن جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جبکہ ایران نے جوابی حملہ کرکے اہم صہیونی تنصیبات کو تباہ کیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صہیونی حکومت کی جانب سے ایران میں سول تنصیبات اور بے گناہ شہریوں پر حملوں کو دس دن گزر چکے ہیں۔ دسویں دن، اتوار کی صبح امریکہ نے ایران کے دو صوبوں اصفہان اور قم میں کچھ پرامن جوہری تنصیبات پر حملے کیے۔

صہیونی حکومت کے حملوں کے بعد ایران کی جانب سے سخت جوابی کارروائیاں کی گئیں۔

اسرائیلی حملے ایران کے مختلف علاقوں، خاص طور پر اہم اور طبی مراکز پر کیے گئے، جن میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے علاوہ بڑی تعداد میں بے گناہ اور عام شہری بھی شہید ہوئے۔

خوزستان میں 36 افراد کی شہادت

خوزستان کے ادارہ شہداء کے ڈائریکٹر جنرل، حسن نورانی نے بتایا کہ صہیونی حملوں میں خوزستان کے 36 شہری شہید ہوئے۔ ان میں سے 10 کا تعلق اہواز، 7 دزفول، 7 اندیمشک، 4 امیدیہ، 2 ایذہ اور باقی باغملک، باوی اور آبادان سے تھے۔

نورانی نے کہا کہ اگرچہ صہیونی حکومت دعوی کر رہی ہے کہ اس کے حملوں کا ہدف صرف فوجی مراکز ہیں، لیکن ان حملوں میں عورتیں، بچے اور عام لوگ بھی شہید ہوئے ہیں۔ امیدیہ میں ایک ہی خاندان کے چار افراد جبکہ اندیمشک میں ایک ہی کنبے کے تین افراد شہید ہوگئے۔

فارس میں 4 صہیونی ڈرون طیارے تباہ

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ فارس کے مرکز شیراز میں مسلح افواج کے اہلکاروں نے اسرائیل کے 4 جدید ڈرونز کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا۔ حالیہ دنوں میں صوبہ فارس میں فضائی دفاعی نظام نے کئی بار دشمن کے فضائی حملوں کا مؤثر جواب دیا ہے۔

یزد پر اسرائیلی حملہ، 9 افراد شہید

سپاہ پاسداران کی ذیلی شاخ "سپاه الغدیر" نے اعلان کیا ہے کہ یزد میں اسرائیلی حملے کے دوران دو فوجی مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں 7 سیکورٹی اہلکار شہید جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے، جن کا علاج جاری ہے۔

سپاه الغدیر نے اعلان کیا کہ یزد کے عوام اور ایرانی مسلح افواج دشمنوں کا بھرپور جواب دیں گے اور شہیدوں کے خون کا انتقام ضرور لیا جائے گا۔

مشرقی آذربائجان میں شہداء کی تعداد 52 ہوگئی

مشرقی آذربایجان کی صوبائی کرائسس مینجمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل مجید فرشی نے بتایا کہ اب تک صوبے میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 52 افراد شہید ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج صبح تبریز شہر کے چار مختلف مقامات، جن میں تین اطرافی علاقے اور ایک فوجی مقام شامل تھا، اسرائیلی حملے کی زد میں آئے۔

تبریز میں صہیونی ڈرون کے ٹکڑے لگنے سے دو بچے، طاها بهروزی اور علیسان جباری شہید ہوگئے۔ دونوں بچے اپنے گھر کے سامنے کھیل رہے تھے جب وہ ڈرون کا نشانہ بنے۔ دونوں کی مائیں بھی زخمی ہیں اور اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

اہواز-اندیمشک ہائی وے پر حملہ، سڑک بحال، تنصیبات محفوظ

اتوار کے روز ہی اسرائیلی حملے میں اہواز-اندیمشک شاہراہ کے قریب دو مقامات کو نشانہ بنایا گیا، تاہم سڑک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور آمد و رفت بحال ہے۔

بوشہر میں اسرائیلی فضائی حملہ، دو فوجی مراکز نشانہ

صوبہ بوشہر کے ڈپٹی گورنر اور صوبائی اطلاعاتی کمیٹی کے قائم مقام سربراہ نے بتایا کہ اسرائیلی حکومت کی تازہ کارروائی میں بوشہر کے دو فوجی مقامات پر فضائی حملہ کیا گیا۔

یہ حملہ اسرائیلی جارحیت کے سلسلے کا حصہ ہے جو ملک کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

وعدہ صادق 3 آپریشن کا بیسواں مرحلہ، صہیونی تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملہ

ایرانی مسلح افواج نے صہیونی حکومت کی جارحیت کے جواب میں وعدہ صادق 3 آپریشن کے بیسویں مرحلے میں تل ابیب اور دیگر اسرائیلی شہروں کو ڈرون طیاروں اور میزائل حملوں کا نشانہ بنایا۔

وعدہ صادق 3 آپریشن کے ترجمان کرنل تاجیک کے مطابق تل ابیب کے بن گوریان ائیرپورٹ اور صہیونی کمانڈنگ سینٹر کو کامیابی کے ساتھ ہدف بنایا گیا۔

امریکہ کا ایرانی پرامن جوہری تنصیبات پر فضائی حملہ

امریکہ نے علی الصبح ایران کے صوبہ قم اور اصفہان میں پرامن جوہری تنصیبات پر میزائل حملہ کیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے حملوں کے بعد سوشل میڈیا پر ذمہ داری قبول کی اور جوہری تنصیبات کو مکمل تباہ کرنے کا اعلان کیا۔

ٹرمپ کے بیان کے بعد امریکہ سمیت دنیا بھر میں اس اقدام کی شدید مذمت کی گئی۔ اقوام متحدہ کے سربراہ سمیت عالمی رہنماؤں نے ایرانی پرامن جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کو اقوام متحدہ کے منشور اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور دنیا میں کشیدگی بڑھانے کا باعث قرار دیا۔

News ID 1933792

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha