مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران میں یورینیم کی افزودگی کا عمل ایٹمی توانائی کے پرامن استعمال اور جوہری صنعت کا لازمی جزو ہے، اور اس حوالے سے ایران کسی قسم کی نرمی یا لچک کا مظاہرہ نہیں کرے گا۔
اسماعیل بقائی نے ہفتہ وار پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا یورینیم کی افزودگی ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کا بنیادی حصہ ہے اور اسے ہر حال میں باقی رکھا جائے گا۔ اس مسئلے پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں۔
بقائی نے مزید کہا کہ گزشتہ ہفتے کئی اہم واقعات رونما ہوئے، جن میں تہران ڈائیلاگ فورم کا انعقاد بھی شامل تھا، جس میں پانچوں براعظموں سے نمائندے شریک ہوئے۔ یہ اجلاس ظاہر کرتا ہے کہ ایران عالمی سطح پر امن و سلامتی کے لیے بات چیت اور تعامل کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
ترجمان نے مغربی ذرائع کی خبر کو من گھڑت اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران پر مذاکرات کو طول دینے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ اس طرح کی اکثر خبریں صہیونی ذرائع سے آتی ہیں اور ان کا مقصد ایران کو بدنام کرنا ہے۔ ایران نے ہمیشہ سنجیدہ اور منصفانہ سمجھوتے کے لیے مذاکرات میں شرکت کی ہے۔
بقائی نے کہا کہ عمان ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں سہولت کار کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور اس کی تجاویز ایران کے سرخ خطوط کے دائرے میں آنی چاہیے۔ عمان کی تجاویز میں یقیناً ایران کی جوہری پالیسی کا احترام کیا جائے گا، کیونکہ یہ ایران کا ناقابلِ مصالحت اصول ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ آئندہ مذاکرات کی تاریخ اور مقام تاحال طے نہیں پائے، اور ان معاملات پر عمانی فریق سے مشاورت جاری ہے۔
آپ کا تبصرہ