مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ترجمان کمانڈر محمد علی نائینی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہویہ ایران کافی عرصے سے ہر قسم کی جنگ کے لئے خود کو آمادہ کرچکا ہے۔ ہم نے مختلف مواقع پر دشمن کو دندان شکن جواب دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وعدہ صادق 1 اور وعدہ صادق 2 کے دوران ہم نے کامیاب حملے کئے اور ثابت کیا کہ مقبوضہ علاقوں کی فضائیں ہمارے لیے کھلی ہیں۔ ہم پہلے سے زیادہ تیز تر، زیادہ دقیق اور زیادہ تباہ کن حملے کر سکتے ہیں۔ ہم نے ان کاروائیوں کے دوران اپنی دفاعی طاقت کی ایک مختصر جھلک دکھائی تھی۔
سپاہ پاسداران کے ترجمان نے مزید کہا کہ ہمارے ہتھیاروں اور میزائلوں کی طاقت، تعداد، مہارت اور ڈیزائن میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔ ہم نے کبھی بھی دشمن کے ہاتھوں انٹیلی جنس کے شعبے میں شکست نہیں کھائی بلکہ یہ دشمن ہے جو مسلسل نفسیاتی جنگ اور بیانیے گھڑ کر اپنی انٹیلی جنس اور عسکری ناکامیوں کو چھپانے کے لیے ایرانی عوام کا حوصلہ کمزور کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں آنے والی حالیہ تبدیلیوں کی وجہ سے دشمن خوش فہمی اور غلط ادراک کا شکار ہوا ہے۔ ہم دشمنوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم ہمیشہ تیار ہیں اور کسی بھی لمحے میں کارروائی کرنے سکتے ہیں۔ ہم کسی قسم کی نرمی یا تاخیر کے قائل نہیں ہیں۔ جیسے ہی ہمیں حکم ملے گا، ہم ماضی کی طرح اپنی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کریں گے اور دشمن کے وہم پر مبنی سوچ اور اندازوں کو غلط ثابت دیں گے۔
سردار نایینی نے "پیامبر اعظم 19" دفاعی مشقوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کے آخری تین ماہ میں یہ مشقیں ایرانی آرمی اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی جانب سے زمین، فضا، اور سمندر میں کی جاتی ہیں۔ یہ مشقیں جنگ اور امن کے حالات میں مسلح افواج کی تیاری اور حوصلہ بلند رکھنے کے لیے سالانہ بنیادوں پر کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دفاعی مشقوں کا بنیادی مقصد ممکنہ فوجی خطرات سے نمٹنا، ملک میں تخریب کاری کا مقابلہ کرنا اور قومی حوصلے کو بلند کرنا ہے۔ "پیامبر اعظم 19" دفاعی مشقوں کا مجموعہ ایران کے اقتدار، استحکام اور فوجی قوت کا مظہر ہے۔ ایران نے آج تک ایک دن بھی میزائل کی پیداوار نہیں روکی ہے اور ملک کا دفاعی نظام نہ صرف فعال ہے بلکہ کئی مواقع پر ان کی صلاحیتوں کا کھل کر مظاہرہ بھی کیا ہے۔
سپاہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ دنیا کا جدید ترین دفاعی نظام یمن کے میزائل یا ڈرون حملوں کو روکنے میں بری طرح ناکام رہا۔ سپاہ پاسداران کی دفاعی اور جارحانہ مشقوں کا پیغام آنے والے دنوں اور ہفتوں میں دشمن پر واضح ہوجائے گا۔
جنرل نائینی نے مزید کہا کہ صیہونی حکومت کے بنیادی ڈھانچے پر ضرب لگانے میں ہم بڑے پیمانے پر مقاومتی محاذ کو سپورٹ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ دشمن کی فوجی دھمکیوں کے نتیجے میں ایرانی عوام اور مسلح افواج کے درمیان اتحاد میں اضافہ ہوا ہے۔ سپاہ پاسداران انقلاب قومی اقتدار اور سلامتی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے عوام کے ساتھ اور عوام کے لیے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج کی موجودہ نسل پچھلی نسلوں کے مقابلے میں زیادہ انقلابی اور امریکہ مخالف ہے۔ سپاہ میں اتحاد اور ہم آہنگی ہمیشہ دشمنوں کی نظروں میں کھٹکتی رہی ہے۔ سپاہ پاسداران نے خود کو ایران کے عوام اور دنیا کے مظلوموں کی خدمت کے لیے وقف کردیا ہے۔
آپ کا تبصرہ