مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، اقوام متحدہ میں ایرانی نمائندے سعید ایروانی نے سلامتی کونسل کی سربراہ باربرا ووڈ ورڈ کے نام ایک خط میں یوکرائن جنگ کے حوالے سے ایران پر امریکہ اور برطانیہ کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور برطانیہ مشرق وسطی میں صہیونی جنایات کے لئے اسباب فراہم کررہے ہیں۔ ان کو چاہئے کہ پہلے اپنا دامن صاف کریں۔ امریکہ اور مغربی ممالک کی حمایت کی وجہ سے سلامتی کونسل کا وقار بھی داؤ پر لگ گیا ہے۔
انہوں نے یوکرائن جنگ کے بارے میں ایران کے موقف کے حوالے سے کہا کہ ایران نے یوکرائن کشیدگی کے حوالے سے شروع سے ہی شفاف، غیر جانبدارانہ اور معقول موقف اختیار کیا ہے۔
انہوں نے اپنے خط میں مزید کہا ہے کہ امریکہ نے صہیونی حکومت کے ساتھ مل کر مشرق وسطی میں جاری صہیونی مظالم اور جنگی جرائم سے دنیا کی نظریں ہٹانے کے لئے ایران پر بے بنیاد الزامات لگائے ہیں۔ جمہوریہ اسلامی ایران ان الزامات کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے مسترد کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ امریکی امداد اور ہتھیاروں کے ذریعے ہی صہیونی حکومت نے غزہ اور لبنان میں ظلم کا بازار گرم کررکھا ہے۔ امریکی حمایت کی وجہ سے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل بھی صہیونی حکومت سے جواب طلب کرنے سے قاصر ہے۔
آپ کا تبصرہ