29 اکتوبر، 2024، 8:22 AM

امریکی حمایت نے صہیونی حکومت کو دنیا میں مزید رسوا کردیا، ایران

امریکی حمایت نے صہیونی حکومت کو دنیا میں مزید رسوا کردیا، ایران

اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب نے کہا ہے کہ امریکہ نے صہیونی حکومت کے شرارت آمیز اقدامات کی غیر مشروط حمایت کرکے اس کو عالمی برادری کے سامنے مزید رسوا کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے سعید ایروانی نے سیکورٹی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت نے ایران کے خلاف کھلی جارحیت کی ہے۔ صہیونی حکومت خطے کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے اقدامات کا تسلسل کے ساتھ ارتکاب کررہی ہے۔

ایروانی نے کہا کہ ہم ایران کے خلاف صہیونی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ صہیونی حملہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ان اصولوں اور قوانین پر عالمی امن استوار ہے۔

انہوں نے سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرنے میں تعاون کرنے پر روس، چین اور الجزائر کا شکریہ ادا کیا اور صہیونی حکومت کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے ایران کے اظہار ہمدردی کرنے والوں کی قدردانی کی۔

ایرانی نمائندے نے کہا کہ 26 اکتوبر کو علی الصبح صہیونی طیاروں نے امریکہ کے زیر استعمال عراقی فضائی حدود سے کئی میزائل داغے۔ میزائلوں نے تہران، ایلام اور خوزستان میں ایرانی ریڈار سسٹم کو نشانہ بنایا تاہم ایرانی ائیر ڈیفنس سسٹم کی بروقت کاروائی کے نتیجے میں زیادہ نقصان نہیں ہوا۔ صہیونی حملے میں ایک عام شہری سمیت چار فوجی اہلکار شہید ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت کے حملے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کی واضح خلاف ورزی ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ امریکہ سلامتی کونسل کے مستقل رکن کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کے بجائے صہیونی حکومت کی مسلسل حمایت کررہا ہے۔ امریکی اس اقدام سے دنیا میں صہیونی حکومت مزید رسوا ہوگئی ہے۔

ایروانی نے کہا کہ اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق سلامتی کونسل دنیا میں بدامنی اور عدم استحکام پھیلانے والے اقدامات کو روکنے کی ذمہ دار ہے۔ فلسطین، لبنان، شام اور ایران کے خلاف صہیونی حکومت کے جارحانہ اقدامات کی وجہ سے علاقائی اور بین الاقوامی امن خطرے میں پڑگیا ہے۔ صہیونی حکومت کے ان ناجائز اقدامات کو نظرانداز کرنے سے سلامتی کونسل کا وقار مجروح ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ سمیت سلامتی کونسل کے بعض اراکین صہیونی حکومت کے جارحانہ اقدامات کے بارے میں دوغلی پالیسی رکھتے ہیں۔ ان ممالک نے سلامتی کونسل میں صہیونی حکومت کے جارحانہ کی مذمت کا بھی گوارا نہیں کیا بلکہ اس کو اپنے دفاع سے تعبیر کیا ہے۔

News ID 1927765

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha