13 جون، 2025، 8:04 AM

صہیونی حملوں کا جواب قانونی حق/وقت اور طریقہ کار مسلح افواج طے کریں گی، ایرانی وزارت خارجہ

صہیونی حملوں کا جواب قانونی حق/وقت اور طریقہ کار مسلح افواج طے کریں گی، ایرانی وزارت خارجہ

ایرانی وزارت خارجہ نے صہیونی حملوں پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے جوابی حملے کو قانونی حق قرار دیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ نے صہیونی حکومت کے حملوں کے بعد سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے جوابی حملے کو اپنا قانونی اور جائز حق قرار دیا ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آج صبح صہیونی حکومت نے ایران کی قومی خودمختاری اور جغرافیائی سرحدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے، تہران اور کچھ دیگر شہروں میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا۔ جس میں دفاع، علم اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں ملک کی خدمت کرنے والے کچھ افراد شہید ہوگئے۔

وزارت خارجہ ان شہداء کی قربانی پر رہبر معظم انقلاب اور ایرانی عوام کو تعزیت و مبارک باد پیش کرتی ہے۔

یہ حملہ اقوام متحدہ کے منشور کی شق 2، دفعہ 4 کی صریح خلاف ورزی اور ایران پر کھلی جارحیت ہے۔ اقوام متحدہ کے منشور کی دفعہ 51 کے تحت ایران کو اس حملے کا جواب دینے کا قانونی اور جائز حق حاصل ہے، اور ایران کی مسلح افواج وقت اور طریقہ خود طے کرکے جواب دیں گی۔

ایران، جو اقوام متحدہ کے بانی رکن ممالک میں سے ہے، سلامتی کونسل کو یاد دلاتا ہے کہ اس کی ذمہ داری ہے کہ فوری طور پر عالمی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والے اس حملے کے خلاف اقدام کرے۔

ایران تمام اقوام متحدہ کے رکن ممالک، خاص طور پر اسلامی، علاقائی اور غیر وابستہ تحریک کے رکن ممالک سے توقع رکھتا ہے کہ وہ اس بزدلانہ حملے کی فوری مذمت کریں اور اجتماعی طور پر ایسا قدم اٹھائیں جو اس طرح کی جنگی مہم جوئی کو روکے، کیونکہ یہ حملہ عالمی امن کے لیے ایک شدید خطرہ ہے۔

وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ اس حملے کے تمام خطرناک نتائج کی ذمہ داری صہیونی حکومت اور اس کے حامیوں پر عائد ہوگی۔ اسرائیل کا یہ حملہ امریکہ کی اجازت اور ہم آہنگی کے بغیر ممکن نہیں تھا، اس لیے امریکہ کو بھی اس کے نتائج کا ذمہ دار سمجھا جائے گا۔

News ID 1933409

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha