مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کے مطابق، امام نماز جمعہ تہران حجت الاسلام ابوترابی فرد نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لبنانی عوام نے مسلمانوں، عیسائیوں اور حضرت موسی کے پیروکاروں کے درمیان اتحاد اور وحدت کا بہترین مظاہرہ کیا ہے۔ لبنان آج ادیان الہی کے پیروکاروں کے درمیان وحدت و یکجہتی کی مثال بن گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لبنان کے عوام پوری دنیا کے سامنے یک صدا ہوکر کھڑے ہیں۔ ان کی صفیں مستحکم اور استوار ہیں۔
امام جمعہ نے کہا کہ تمام مسلمانوں کو ایک محاذ پر جمع ہوکر حرکت کرنا چاہئے۔ ہمیں ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہئے۔ امام خمینی اور رہبر معظم اسی کی دعوت دیتے ہیں لہذا ہمیں ان کی قیادت میں اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ بارہویں اور تیرہویں صدی ہجری میں مغربی استعمار نے اسلامی ممالک کے ٹکڑے کردیے۔ ایران کو کئی حصوں میں تقسیم کیا۔ حکومت عثمانی سقوط کرگئی۔ اسلامی ممالک کی سیاسی حاکمیت تباہ ہوگئی۔ جنگ عظیم اول کے بعد عالم اسلام کے دل میں ناجائز اسرائیل کو وجود میں لایا گیا۔ ہزاروں فلسطینیوں کو شہید اور بے گھر کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ استعمار کے ایجنٹوں نے ان سازشوں کو کامیاب ہونے میں کردار ادا کیا۔ مختلف ممالک میں شیعہ اور سنی علماء نے استعماری طاقتوں کے خلاف قیام کیا اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
امام جمعہ نے مزید کہا کہ اگر مغربی ممالک کے مطالبات پورے کرتے رہیں تو ہماری عزت بھی خاک میں مل جائے گی۔ بڑی طاقتیں امت اسلامی کی طاقت ختم کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔
آپ کا تبصرہ