مہر خبررساں ایجنسی، بین الاقوامی ڈیسک: ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ سمیت ان کے ساتھیوں کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ پر علاقائی اور بین الاقوامی سربراہان اور رہنماوں نے سلامتی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اردن نے صدر کے ہیلی کاپٹر حادثے میں ایران کی مدد کے لئے آمادگی ظاہر کی
اردنی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا: ہم ایرانی صدر اور ان کے ہمراہ وفد کے ہیلی کاپٹر کے حادثے کی خبروں کی گہری تشویش کے ساتھ پیروی کر رہے ہیں اور اردن ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کی تلاش میں مدد کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
بارزانی: ایرانی صدر کی صحت و سلامتی کے بارے میں فکر مند ہیں
عراقی کردستان ریجن کے صدر نچروان بارزانی نے ایران کے صدر کی سلامتی پر فکرمندی کا اظہار کرتے ہوئے بحفاظت واپسی کی دعا کی۔
کویت کا ایران کے صدر اور ساتھیوں کی سلامت کی امید کا اظہار
کویت کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا: ہم ایران کے صدر اور ان کے ہمراہ وفد کے ہیلی کاپٹر کے حادثے کے حوالے سے شائع ہونے والی خبروں پر تشویش کے ساتھ ان کی سلامتی کی امید کرتے ہیں۔
اللہ تعالی سے ایران کے صدر اور ساتھیوں کی سلامتی کے ساتھ واپسی سے دعا کرتے ہیں۔ مہدی المشاط
یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل کے سربراہ نے اس پیغام میں کہا: یمن کی حکومت اور عوام موجودہ صورت حال میں ایران کی حکومت اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہم خدا سے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کو بحفاظت واپسی کی دعا کرتے ہیں۔
قطر نے صدر رئیسی کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر کی تلاش میں مدد فراہم کرنے کے لئے آمادگی کا اظہار کیا
قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان "ماجد الانصاری" نے ایران کے صدر اور ان کے وفد کی سلامتی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے قطر کی جانب سے ایران کو ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے لئے اپنی آمادگی کا اظہار کیا۔
اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کا بیان
اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم جناب صدر ابراہیم رئیسی اور ساتھیوں کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ سے متعلق خبروں پر فکر مند ہیں اور ہم ایران کی قیادت، حکومت اور عوام کے ساتھ اپنی مکمل ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے صدر رئیسی اور ساتھیوں کی سلامتی کے لئے دعا گو ہیں۔
صدر رئیسی کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ کی خبر پر فکر مند ہوں۔ اردغان
ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر کے حادثے کے ردعمل میں ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا: میں اپنے بھائی ابراہیم رئیسی کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر کے حادثے سے متاثر ہوا ہوں ہم ایران کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
موجودہ مشکل حالات میں ہم اپنے برادر ملک ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ریاض
سعودی عرب نے ایرانی صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے وفد کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر کے حادثے پر ہمدردی کا اظہار کیا۔
سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا: ہم ایرانی صدر کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر کے بارے میں میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں پر سخت فکر مند ہیں اور ہم موجودہ مشکل حالات میں اپنے برادر ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔
بائیڈن ہنگامی بریفنگ کے لئے وائٹ ہاؤس واپس پہنچ گئے
ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر کے حادثے کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنی چھٹیاں مختصر کر دیں اور فوری بریفنگ کے لئے وائٹ ہاؤس واپس پہنچ گئے۔
رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے بیان میں کہا گیا: صدر "بائیڈن" ایرانی صدر کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر کے حادثے سے متعلق خبروں سے آگاہ تھے۔
افغانستان کی عبوری حکومت: ہم ایران کے صدر کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ کے بارے فکرمندی اور امید کے ساتھ ان کی سلامتی کے آرزومند ہیں۔
افغانستان کی عبوری حکومت کی وزارت خارجہ نے ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر کے حادثے کے بارے میں کہا: اسلامی امارت افغانستان کی وزارت خارجہ ایران کے صدر، وزیر خارجہ اور دیگر ساتھیوں کے ہیلی کاپٹر حادثے پر فکرمند اور ان کی سلامتی کے لئے دعاگو ہے۔
ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ کی نگرانی کر رہے ہیں۔ برسلز
یورپی یونین کے صدر "چارلس میشیل" نے بھی ایکس پر لکھا: ہم ایران کے صدر اور وزیر خارجہ کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر کی غیر متوقع لینڈنگ سے متعلق خبروں کی پیروی کر رہے ہیں۔
"چارلس مشیل" نے مزید کہا: ابھی تک صورت حال واضح نہیں ہے، تاہم یورپی یونین کے رکن ممالک اور اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر، صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کے حادثے پر اسلامی جہاد موومنٹ کا ردعمل
فلسطین کی اسلامی جہاد موومنٹ کے سیاسی دفتر کے رکن علی ابو شاہین نے کہا: ہم اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ہم اللہ تعالی سے صدر رئیسی اور ساتھیوں کی سلامتی کے لئے دعا گو ہیں۔
قبل ازیں فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سینئر رکن عزت الرشق نے کہا: ہمارے دل اپنے برادر ملک ایران کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم خداوند متعال سے ایران کے صدر، اس ملک کے وزیر خارجہ اور ان کے ساتھیوں کے لیے رحمت کی دعا کرتے ہیں۔
آذربائیجان کے صدر الہام علی اوف کا اظہار تشویش
جمہوریہ آذربائیجان کے صدر نے ایکس پر ایک پیغام میں لکھا: آج ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے ساتھ دوستانہ ملاقات کے بعد ان کے ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ پر ہم انتہائی پریشان ہیں۔
"الہام علی اوف کہا: ہماری دعائیں صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھ آنے والے وفد کے ساتھ ہیں۔" ایک پڑوسی، دوست اور برادر ملک کے طور پر آذربائیجان ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
صدر آصف علی زرداری کا اظہار ہمدردی
صدر آصف علی زرداری نے ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر کے حادثے کی خبر کے حوالے سے ایکس پر ایک پیغام میں لکھا: صدر ابراہیم رئیسی کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر کے حادثے کی خبر سن کر شدید تشویش ہے۔ صدر رئیسی کی سلامتی کے لیے دل کی گہرائیوں سے دعا گو ہوں۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی اپنے ایکس اکاونٹ پر لکھا: ہم بڑی تشویش کے ساتھ اچھی خبر کا انتظار کر رہے ہیں کہ سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔ ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں معزز صدر اور تمام ایرانی عوام کے ساتھ ہیں۔
عراقی وزیر اعظم کی ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کی تلاش میں مدد کے لئے خصوصی ہدایت
عراق کے وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے ایران کو صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کی تلاش میں مدد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔
السودانی نے ملک کی وزارت داخلہ، ہلال احمر اور متعلقہ محکموں کو حکم دیا ہے کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کو ہیلی کاپٹر کی تلاش کے لیے درکار سہولیات فراہم کریں۔
آپ کا تبصرہ