مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کی 76ویں سالگرہ اور یوم سیاہ کی مناسبت سے تہران میں پاکستانی سفارت خانے میں تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کے دوران پاکستان کے سفیر محمد مدثر تھیبو نے مہر نیوز کی خاتون نامہ نگار سے خصوصی گفتگو کی اور فلسطین میں جاری صہیونی حکومت کے مظالم کے بارے میں پاکستان کے موقف کا اظہار کیا۔
غزہ میں جاری صہیونی جارحیت کے خلاف دونوں ملکوں کے مشترکہ کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہوکر تہران نے نہایت جرائت اور بہادری کا مظاہرہ کیا ہے۔
پاکستانی سفیر نے روان مہینے کے دوران دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان جدہ میں ہونے والی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان فلسطین کے حوالے سے مشترکہ موقف رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لئے اپنی تمام تر توانائیوں کو استعمال کرے گا۔
مدثر تھیبو نے تہران اور اسلام آباد کے درمیان اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کے بارے میں کہا کہ دونوں ممالک کا شمار بڑے اسلامی ممالک میں ہوتا ہے اور ہمسایہ کی حیثیت سے تمام مواقع سے استفادہ کرنا چاہئے۔ زمینی سرحدوں کے ذریعے تجارت اور سرمایہ کاری کرکے ان روابط کو مزید وسعت دی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور ایرانی عوام کو ایک دوسرے کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات ہونا چاہئے اس حوالے سے دونوں ملکوں کی صحافی برادری کو باہمی دورہ کرکے اہم کردار ادا کرنا چاہئے۔
آپ کا تبصرہ