11 دسمبر، 2025، 3:18 PM

مغرب کی مخاصمت کے مقابلے میں علاقائی تعاون میں توسیع ضروری ہے، صدر پزشکیان

مغرب کی مخاصمت کے مقابلے میں علاقائی تعاون میں توسیع ضروری ہے، صدر پزشکیان

ایرانی صدر نے قازقستان کے ہم منصب سے ملاقات کے دوران کہا کہ مغربی طاقتوں کی یک طرفہ پالیسیوں کے تناظر میں ایران اور قازقستان کو علاقائی تعاون مزید مضبوط بنانا ہوگا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں قازق صدر قاسم جومارت تکایف کے ساتھ ملاقات میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ مغربی طاقتوں کے مخاصمت آمیز اقدامات کے پیش نظر خطے کے ممالک کو باہمی تعلقات اور شراکت داری کو پہلے سے زیادہ مضبوط کرنا ہوگا۔

ملاقات کے دوران ڈاکٹر پزشکیان نے ایران–قازقستان تجارت میں گزشتہ عرصے کے دوران 40 فیصد اضافے کو مثبت پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون کی موجودہ سطح مطلوبہ ہدف سے کہیں کم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دوطرفہ تجارت کو تین ارب ڈالر تک بڑھانے کے لیے تیار کیا گیا روڈ میپ حتمی شکل پاچکا ہے اور اس پر عمل درآمد اب فورا شروع کیا جاسکتا ہے۔ اس حوالے سے نجی شعبوں کی بھرپور شمولیت بنیادی شرط ہے۔

ایرانی صدر نے قازق ہم منصب کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور قازقستان کے درمیان صدیوں پر محیط تہذیبی و ثقافتی تعلقات دونوں ممالک کے روابط کو مضبوط بنانے کا بنیادی ستون ہیں۔ ایران نے قازقستان کی آزادی کے بعد ہمیشہ دوستانہ تعلقات جاری رکھے، اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی میں خصوصی اہمیت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ‌ای مسلسل اس امر پر زور دیتے آئے ہیں کہ خطے کے مسلم اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ برادرانہ روابط کو وسعت دی جائے۔

ڈاکٹر پزشکیان نے کہا کہ ایران اور قازقستان علاقائی اور عالمی امور کے ایک بڑے حصے پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں اور سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کے نتیجے میں نمایاں پیش رفت حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم، یوریشین اکنامک یونین، تنظیم تعاون اسلامی اور کاسپین سی فریم ورک سمیت متعدد بین الاقوامی و کثیرالجہتی پلیٹ فارمز میں دونوں ملکوں کی سرگرم شراکت داری کو سراہتے ہوئے ان امور کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

انہوں نے علاقائی اور عالمی منظرنامے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور بعض مغربی طاقتوں کی یک طرفہ پالیسیوں نے خطے میں پیچیدگیوں میں اضافہ کیا ہے اور اس طرز عمل سے خودمختار ممالک کی شناخت اور آزادی کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ ایسے حالات میں ایران اور قازقستان کو اپنے دوطرفہ روابط میں زیادہ عزم اور تیزی کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔

News ID 1937018

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha