مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے جنوب مشرقی صوبائی شہر سراوان میں سرحد پار سے دہشت گرد کے سیکورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستانی وزیراعظم اور اعلی حکام کی ایران کے ساتھ مشترکہ سرحدی بازار کی افتتاحی تقریب میں شرکت سے دشمن بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے دشمن عناصر نہیں چاہتے کہ پاکستان اور ایران تجارتی اور توانائی کے شعبے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔ دہشت گردی کا مذکورہ واقعہ دونوں ملکوں کی دوستی اور باہمی مفادات کو ٹھیس پہنچانے کی مکروہ سازش ہے۔ کنعانی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد واقعے میں ملوث عناصر کے کاروائی کرکے قرار واقعی سزا دی جائے اور سرحد پر مزید حفاظتی اقدامات کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعے کا مقصد دونوں ممالک کے سرحدی علاقوں میں بدامنی ایجاد کرنا ہے۔ ایران دشمن عناصر اور دہشت گردوں کی سرگرمیوں کے خلاف پاکستان سے تعاون اور مشترکہ اقدامات کے لئے تیار ہے۔
ترجمان نے شہداء کی مغفرت کی دعا اور زخمیوں کی صحت یابی کی دعا کی اور لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔
آپ کا تبصرہ