مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوری ایران کے صدر آیت اللہ رئیسی نے یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور عید فطر کے موقع پر یمنی عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کی رہائی یمنی عوام کی استقامت کا نتیجہ ہے۔ یمن میں جاری بحران پریشان کن ہے۔ مذاکرات ہی قیدیوں کی آزادی، محاصرے کے خاتمے اور وسیع جنگ بندی کا ذریعہ ہیں۔
انہوں نے یمنی عوام کے لئے حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یمن کے مستقبل کا فیصلہ یمنی عوام کے پاس ہونا چاہئے۔ یمن میں امن و امان کی بحالی کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔
اس موقع پر یمنی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ نے یمنی عوام کی حمایت پر ایران کا شکریہ ادا کیا اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کی خدمت سلام عرض کرتے ہوئے امت مسلمہ کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
انہوں نے موجودہ ایرانی حکومت کو مختصر عرصے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایران یمن کے بحران کے خاتمے کے لئے فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔
آپ کا تبصرہ