مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے ملاقات کے بعد چین کے ساتھ مل کر مشترکہ بیان پر دستخط کرکے جاری کردیا۔
بیان میں کہا گیا ہے:
اسلامی جمہوری ایران، سعودی عرب اور عوامی جمہوری چین کے درمیان دس مارچ 2023 کو ایران اور سعودی عرب کے ستفارتی تعلقات کی بحالی کے سلسلے میں ہونے والے معاہدے کے تحت سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے چھے اپریل 2023 کو وزرائے خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور فیصل بن فرحان کے درمیان ملاقات ہوئی۔ فریقین نے بیجنگ معاہدے کو اہم قرار دیتے ہوئے خطے میں استحکام، امن و امان کی بحالی اور ترقی کے لئے باہمی اعتماد سازی اور تعاون پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک 2001 میں اقتصاد، تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور ثقافت کے حوالے سے تعاون پر مبنی معاہدے کو آگے بڑھانے پر تاکید کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ معاہدے میں بتائے ہوئے وقت کے اندر دونوں جانب کے متعلقہ ادارے ریاض اور تہران میں سفارت خانے اور جدہ اور مشہد میں قونصل خانے کھولنے کے لئے اقدام کریں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان پروازیں دوبارہ شروع کرنے اور مختلف وفود کے تبادلے اور عمرہ و زیارت کے شہریوں کو ویزہ جاری کرنے میں ایک دوسرے سے تعاون کیا جائے گا۔ دونوں ممالک قدرتی ذخائر سے مالامال ہونے کی وجہ سے باہمی اخوت کا رشتہ برقرار کرسکتے ہیں لہذا باہمی تعاون سے مختلف منصوبے شروع کئے جائیں گے۔ فریقین باہمی روابط کے سلسلے میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں گے۔
بیان میں دونوں ممالک نے اتفاق کیا کہ خطے کے امن و استحکام کے لئے ہر شعبے میں آپس میں تعاون کیا جائے گا تاکہ خطے کے ممالک کے مفادات کا تحفظ کیا جاسکے۔
دونوں ممالک نے ملاقات کی میزبانی پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ اسی طرح دونوں ممالک کے مفادات کی حفاظت کے لئے کردار ادا کرنے پر سوئیٹزرلینڈ کا بھی شکریہ ادا کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے ایک دوسرے کو دورے اور دوطرفہ اجلاس منعقد کرنے کی دعوت دی جس کو فریقین نے قبول کیا۔
آپ کا تبصرہ