15 دسمبر، 2022، 10:34 AM

امریکہ ایرانی خواتین کو بااختیار نہیں دیکھنا چاہتا، اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب

امریکہ ایرانی خواتین کو بااختیار نہیں دیکھنا چاہتا، اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے اقوام متحدہ کے خواتین کے ادارے میں ایران کے خلاف قرارداد کے مسودے میں امریکی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن بین الاقوامی سطح پر بااختیار ایرانی خواتین کو دیکھ کر برداشت نہیں کرسکتا۔

مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اور مستقل مندوب سعید ایروانی نے ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ کی سماجی اور اقتصادی کونسل کے اجلاس میں کیا۔ یاد رہے کہ بدھ کے روز اقوام متحدہ کی اس کونسل میں  45 رکنی خواتین کمیشن کا اجلاس ہوا جو ایران کو کمیشن سے نکالنے کے لیے امریکہ کی تیار کردہ قرارداد پر بحث کے لیے بلایا گیا تھا۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے کہا کہ ایران کمیشن کا رکن ہے اور ایرانی خواتین اور لڑکیاں بین الاقوامی سطح پر فعال اور موثر انداز میں شرکت کرتی رہتی ہیں۔

ایروانی کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف امریکہ کا یہ غیر قانونی اقدام ایرانی عوام کے ساتھ اس کی دیرینہ دشمنی کے پیش نظر متوقع تھا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایسی قرارداد کی منظوری اقوام متحدہ کے نظام کی سالمیت کے لیے انتہائی خطرناک ہو گا کیونکہ یہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی روح کے منافی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اپنے ناجائز سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے انسانی حقوق جیسی اقدار کا مسلسل غلط استعمال کرتا ہے اور ان مقاصد کے حصول کے لیے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم اور اس کے وسائل کا استعمال کرتا ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سیشن میں 29 ارکان نے خواتین کی حیثیت سے متعلق اقوام متحدہ کے کمیشن سے ایران کو ہٹانے کے حق میں ووٹ دیا، 8 نے مخالفت میں اور 16 نے غیر حاضر رہے، اس لیے امریکا کی تیار کردہ قرارداد کو منظور کر لیا گیا۔

قرارداد کی منظوری کے بعد اقوام متحدہ میں ایران کی نائب مستقل مندوب زہرہ ارشادی نے فلور لیا اور متن کا مسودہ تیار کرنے پر امریکہ اور بعض ممالک کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران اقوام متحدہ کے فیصلے سے قطع نظر خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کے دفاع کے لیے پرعزم رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادی فلسطینی خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کی صریح خلاف ورزی کرنے والی اسرائیلی حکومت کی حمایت کرتے ہوئے خود کو خواتین کے حقوق کا محافظ کہلانے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
 

News ID 1913672

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha