24 نومبر، 2022، 4:22 PM

امریکہ کا ایران کے حالیہ واقعات میں شکست کا اعتراف

امریکہ کا ایران کے حالیہ واقعات میں شکست کا اعتراف

بسیج مستضعفین کے سربراہ نے کہا کہ امریکیوں نے مغربی ایشیا سے پنٹاگون کے نام ایک خط لکھا کہ ہم ایران میں حالیہ سازش میں ناکام ہوچکے ہیں اور ایرانی عوام نے ہمارا ساتھ نہیں دیا۔

مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی بسیج مستضعفین کے سربراہ برگیڈیئر جنرل غلام رضا سلیمانی نے حوزہ علمیہ قم کے اعلیٰ ترین ادارے جامعہ مدرسین قم کے دفتر میں ادارے کے سربراہ آیت اللہ سید ہاشم حسینی بوشہری سے ملاقات کی اور اہم امور پر تبادلہ خیال اور گفتگو کی۔

برگیڈیئر جنرل سلیمانی نے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب نے حالیہ فسادات کے دوران بہت ہی نمایاں خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ عراق کے شمال میں کردستان کے علاقے میں پہلے دہشت گرد گروپ کوملہ کو خبر دار کیا گیا اور جب اس نے ہمارے انتباہات پر کان نہیں دھرے تو ان کے ٹھکانوں پر میزائل اور ڈرون حملے کئے گئے جن میں انہیں بھاری نقصان ہوا۔

انہوں نے عوام کی بصیرت و آگاہی کے ساتھ میدان میں موجودگی کو اسلامی نظام کی کامیابیوں میں سے ایک قرار دیا جس نے تمام تر سازشوں اور فتنوں کو سر مروڑ دیا۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ فسادات کے دوران بسیج فورس کے اہلکاروں کو بھی نشانہ بنایا گیا اور اس دوران ملک بھر میں بہت سے بسیجی شہید کئے گئے تاہم بسیج نے اپنے عزم اور ارادے میں تزلزل آنے نہیں دیا اور پائیداری کے ساتھ اپنے قدم مستحکم طور پر جمائے رکھے۔

انہوں نے کہا کہ امریکیوں نے مغربی ایشیا سے پنٹاگون کے نام ایک خط لکھا جس میں اعتراف کیا گیا تھا کہ ہم اس سازش میں ناکام ہوگئے ہیں اور ایرانی عوام نے ہمارا ساتھ نہیں دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کے مابین بھی اختلاف رائے پایا جاتا ہے۔ ان میں سے بعض کا کہنا ہے اتنی بھاری مقداری میں جو رقم خرچ کی گئی اس کا جوابدہ کون ہوگا؟ جبکہ ملک کے اندر بھی کچھ لوگ دشمن کے دھوکے میں آئے۔ جس سے پتہ چلتا ہے کہ جہاد تبیین کی انتہائی زیادہ ضرورت ہے اور حقیقت بیانی کے اس جہاد میں مزید وسعت آنی چاہئے، چونکہ آج تک اس سلسلے میں جو بھی قدم اٹھایا گیا ہے اسے عوامی پذیرائی کا سامنا ہوا ہے۔

انہوں نے ایک مرتبہ پھر بسیج فورس کے نصب العین کا اعادہ کیا اور کہا کہ بسیج رہبر معظم انقلاب کے فرمان کے تابع ہے اور اسلامی انقلاب کے مقاصد اور اصولوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے ہر وقت آمادہ ہے۔

News ID 1913332

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha