16 نومبر، 2022، 7:05 PM

ہندوستان گروپ 20 کا چیئرمین بن گیا

ہندوستان گروپ 20 کا چیئرمین بن گیا

ہندوستان نے دو ہزار بائیس تیئیس کے لئے گروپ بیس کی صدارت سنبھال لی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے عالمی میڈیا سے نقل کیاہےکہ انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں گروپ بیس کے سربراہی اجلاس کے دوسرے دن تنظیم کی صدارت ہندوستان کے حوالے کی گئی۔

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے گروپ بیس کے اختتامی اجلاس میں، گروپ بیس کی صدارت سنبھالنے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ ان کا ملک فیصلہ کن اور نتیجہ خیز قیادت کے ساتھ گروپ بیس کو عالمی تبدیلی کا محرک بنانے کی بھرپور کوشش کرے گا۔انھوں نے کہا کہ ہندوستان ایک ایسے وقت گروپ بیس کی صدارت سنبھال رہا ہے کہ جب دنیا جغرافیائی سیاسی کشیدگی، اقتصادی سست روی، خوراک اور توانائی کی بلند قیمتوں اور وبائی امراض کے طویل مدتی اثرات سے دوچار ہے۔

ہندوستان کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان حالات میں دنیا، بقول ان کے گروپ بیس کو دیکھ رہی ہے. انھوں نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ گروپ بیس کی ہندوستانی صدارت جامع، پرعزم، فیصلہ کن اور نتیجہ خیز ہوگی۔

نریندر مودی نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ترقی کے ثمرات سب کے شامل حال ہوں اور ان سے سب کو فائدہ پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی کے ثمرات کو سبھی انسانوں تک پہنچائے جانے کی ضرورت ہے ۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نے ترقی کے ثمرات میں سبھی کو شامل کئے جانے پر ایسی حالت میں زور دیا ہے کہ ہندوستان میں ان کی حکومت پر صرف مخصوص سرمایہ دار طبقے کو فائدہ پہنچانے کا الزام لگایا جارہا ہے۔

News ID 1913193

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha