مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے عراق کی اہم سیاسی، مذہبی اور سفارتی شخصیات سے رابطے کئے اور انہیں عراق بارڈر کی بندش کے باعث براستہ سڑک سفر کرنے کے خواہشمند پاکستانی زائرین کے اضطراب سے آگاہ کیا۔ انہوں نے عراق کی مقبول پارلیمانی جماعت الحکمت کے سربراہ سید عمار حکیم اور مجلس اعلیٰ اسلامی کی پارلیمانی قیادت سے رابطہ کرکے پاکستانی زائرین کے لئے بارڈر کھولنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے عراقی رہنماؤں کو بتایا کہ پاکستان سے سالانہ لاکھوں زائرین امام حسین علیہ السلام سڑک کے راستے عراق آتے ہیں، ایران سے ان کی واحد گزرگاہ عراقی بارڈر ہے، جو اس وقت تک پاکستانی زائرین کے لئے نہیں کھولا گیا۔ انہوں نے عراقی رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ زائرین کے امور میں آسانی پیدا کرنا شرعی اور قانونی تقاضا ہے، اسے فی الفور ادا کیا جائے، تاکہ لاکھوں پاکستانی عشاق محمد و اہل بیت محمدؑ زیارت مزار سید الشہداءؑ سے مشرف ہوسکیں۔
ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے پاکستان میں تعینات عراقی سفیر سے بھی رابطہ کیا اور انہیں زیارتی سفر کے دوران درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور عراقی حکومت سے ان مسائل کو جلد از جلد حل کروانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے نے دینی مرجعیت سے بھی رابطہ کیا اور انہیں اس عنوان سے اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی، جس پر دفتر مرجع عالیقدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ حافظ بشیر حسین حفظہ اللہ نے بتایا کہ مرجعیت ہمیشہ کی طرح بارڈر سمیت زائرین کے جملہ مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے۔ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے رہنماء کو اہم شخصیات کی جانب سے بارڈر کی بندش کے مسئلے کو جلد از جلد حل کروانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
آپ کا تبصرہ