15 مارچ، 2019، 12:35 PM

پاکستان کے سابق صدر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کراچی سے راولپنڈی منتقل

پاکستان کے سابق صدر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کراچی سے راولپنڈی منتقل

پاکستانی بنکنگ کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کو کراچی سے راولپنڈی منتقل کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی بنکنگ کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کو کراچی سے راولپنڈی منتقل کردیا ہے۔

پاکستانی بنکنگ کورٹ میں میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف زرداری اور فریال تالپور پیش نہ ہوئے تاہم حسین لوائی، عبدالغنی مجید و دیگر نے دونوں کی حاضری لگائی۔ سماعت کے دوران عدالت نے میگا منی لانڈرنگ کیس کو کراچی سے راولپنڈی منتقل کرنے سے متعلق نیب کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا، عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے آصف زرداری کے خلاف کیس کو راولپنڈی منتقل کرنے کا حکم دیا جب کہ آصف علی زرداری، ہمشیرہ فریال تالپور، نمر مجید اور ذوالقرنین مجید سمیت علی مجید کی عبوری ضمانتیں بھی منسوخ کردیں۔

عدالت نے کیس کا تحریری فیصلہ بھی جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مقدمہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق منتقل کیا گیا، جیل میں قید ملزمان کو راولپنڈی عدالت میں پیش کیا جائے جب کہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور سمیت 19 ملزمان کی عبوری ضمانت بھی منسوخ کردی گئی ہے۔ ضمانت منسوخ ہونے کے بعد آصف علی زرداری عدالت پہنچے جہاں ان کی اپنے وکلا سے قانونی مشاورت جاری ہے، عدالت پہنچنے پر صحافیوں نے سوال کیا کہ آپ کا کیس اسلام آباد منتقل ہوگیا کیا کہیں گے، جس پر سابق صدر کا کہنا تھا کہ کیس ٹرانسفر ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ججز اور ماہرین وکلاء ہی اس بارے میں اپنی رائے دے سکتے ہیں۔

News ID 1888863

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha