پاکستان تحریک انصاف نے قاسم سوری کو ڈپٹی اسپیکر نامزد کردیا

پاکستان تحریک انصاف نے بلوچستان سے منتخب ہونے والے قاسم سوری کو ڈپٹی اسپیکر کا امیدوار نامزد کردیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے بلوچستان سے منتخب ہونے والے قاسم سوری کو ڈپٹی اسپیکر کا امیدوار نامزد کردیا۔ اطلاعات کے مطابق قومی اسمبلی کے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی حاصل کرنے کا مرحلہ شروع ہوگیا اوراس سلسلے میں تحریک انصاف کے اسد قیصر نے اسپیکر کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے ہیں۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ہم قومی اسمبلی کو احسن انداز سے چلائیں گے، اس سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قاسم سوری کو ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نامزد کیا ہے، ان کا تعلق بلوچستان سے ہے، اور یہ پی ٹی آئی کے دیرینہ کارکن ہیں۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے نامزد ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا کہ میں شکریہ ادا کرتا ہوں کہ عمران خان نے مجھے ڈپٹی اسپیکر نامزد کیا، ایوان کو احسن اندازمیں چلائیں گے، اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے ہوئے اور بلوچستان کی نمائندگی سے بلوچستان کا احساس محرومی دورہوگا۔

ادھر جے یو آئی (ف) کےمولانا عبدالواسع اور پیپلزپارٹی کی نازبلوچ نے خورشید شاہ کے لیے اسپیکر جب کہ ایم ایم اے کے مولانا اسد محمود کے کاغذات نامزدگی ڈپٹی اسپیکر کے لیے وصول کرلیے ہیں۔

واضح رہے کہ اپوزیشن نے تحریک انصاف کے مقابلے میں چند روز پیشتر قائد ایوان، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے متفقہ طور پر امیدوار سامنے لانے پر اتفاق کیا تھا۔ اس کے تحت قائد ایوان کا امیدوار مسلم لیگ (ن)، اسپیکر کا پیپلز پارٹی جب کہ ڈپٹی اسپیکر کا تعلق ایم ایم اے سے ہوگا۔

News Code 1883029

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • 8 + 7 =