مہر خبررساں ایجنسی نے اسپوٹنک کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ملائیشیا نے شمالی کوریا کے رہنما کے سوتیلے بھائی کم جانگ نیم کے قتل کے معاملے پر پیدا ہونے والی کشیدگی کے پیش نظر شمالی کوریا کے سفیر کو ملک ترک کردینے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ملائیشیا کا کہنا ہے کہ اس نے شمالی کوریا کے سفیر کینگ چول کو ناپسندیدہ شخص قرار دیتے ہوئے 48 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔ملائیشیا کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 'کم جانگ نیم کے قتل کی تحقیقات پر شمالی کوریا کی جانب سے عائد کیے جانے والے الزامات پر معافی کا مطالبہ کیا تھا تاہم اس پر عمل نہیں کیا گیا۔ بیان کے مطابق شمالی کورین سفیر کی ملک بدری ملائیشین حکومت کے اس خدشے کا اظہار ہے کہ ملائیشیا کو شاید غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ 13 فروری کو شمالی کورین رہنما کم جانگ ان کے سوتیلے بھائی کم جانگ نیم کی کوالالمپور کے ایئرپورٹ پر اچانک طبیعت خراب ہوگئی تھی تاہم طبی امداد کی فراہمی کے دوران ہی وہ چل بسے تھے۔وہ کوالالمپور میں ذاتی کاروبار کے سلسلے میں موجود تھے جبکہ مکاؤ کی پرواز میں سوار ہونے جا رہے تھے۔انہوں نے طبی امداد فراہم کرنے والوں کو بتایا تھا کہ کسی نے ان پر اسپرے کیا، تاہم بعد ازاں منظر عام پر آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں یہ بات سامنے آئی کہ 2 خواتین نے کم جونگ نیم کے چہرے پر کوئی کپڑا ڈالا تھا، جس کے بعد وہ ایئرپورٹ اسٹاف سے مدد طلب کرتے دکھائی دیئے تھے۔بعد ازاں یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ ایئرپورٹ پر کم جانگ نیم کے قتل میں ’وی ایکس' نامی کیمیکل استعمال کیا گیا، جس کی صرف ایک بوند چند منٹوں میں انسان کی جان لینے کے لیے کافی ہوتی ہے۔ادھر شمالی کوریا کے رہنما کے سوتیلے بھائی کے پراسرار قتل کی تحقیقات کے معاملے پر شمالی کوریا اور ملائیشیا کے درمیان تعلقات بھی کشیدہ ہوگئے ہیں۔شمالی کوریا کم جونگ نیم کے پراسرار قتل کے حوالے سے ملائیشیا کی تحقیقات پر عدم اعتماد کا اظہار کرچکا ہے۔ دونوں ممالک میں لاش کی حوالگی کے معاملے پر بھی اختلاف پایا جاتا ہے، شمالی کوریا کی جانب سے لاش کا پوسٹ مارٹم کیے جانے پر مسلسل اعتراض اٹھایا جاتا رہا ہے جبکہ ملائیشیا بضد ہے کہ مقتول کے اہل خانہ کے ڈی این اے کے نمونوں سے تصدیق کیے بغیر لاش شمالی کوریا کے حوالے نہیں کی جائے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ملائیشیا پیانگ یانگ میں تعینات اپنے سفیر کو بھی وطن واپس بلا چکا ہے۔
ملائیشیا نے شمالی کوریا کے رہنما کے سوتیلے بھائی کم جانگ نیم کے قتل کے معاملے پر پیدا ہونے والی کشیدگی کے پیش نظر شمالی کوریا کے سفیر کو ملک ترک کردینے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔
News ID 1870861
آپ کا تبصرہ