مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ یورپ کے مختلف ملکوں میں سردی کی نئی لہر سے صورتحال سنگین ہوگئی۔ یوکرائن میں شدید برفباری کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہوگئےہیں۔یورپ کے کئی ممالک نے برف کی چادراوڑھ لی ہے۔یورپ بھر میں دوسرے دن بھی شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس سے زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ یہ سلسلہ مزیدکئی دن تک جاری رہے گا۔پولینڈ کے دارالحکومت میں برف باری کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور جنوبی پولینڈ کے شہر وارکلاو میں منفی دس ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ یوکرائن میں شدید برف باری میں پھنسنے والی گاڑیوں کو نکالنے کے لیے فوج کی مدد لی گئی جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں ٹرین سروس معطل ہوگئی ہے اور پروازوں کے شیڈول بھی متاثر ہوئے ہیں۔ ادھر جنوب مشرقی انگلینڈ بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے جہاں مختلف مقامات پر2سے6انچ کے درمیان برف باری ریکارڈ کی گئی ہے ،جس کے بعد تمام اسکول وکالج بند کردیئے گئے ہیں۔
آپ کا تبصرہ