مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بین الاقوامی اداروں میں ایران کے سفیر رضا نجفی نے ویانا میں عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران ایک طرف فوجی حملوں کا نشانہ بنے اور دوسری طرف اس سے مطالبہ کیا جائے کہ وہ اپنے جوہری مواد اور تنصیبات کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کرے اور معائنہ کاروں کو غیر محدود رسائی دے، یہ قابل قبول نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے جوہری مواد کے بارے میں نگرانی اور معلومات کے تسلسل میں پیدا ہونے والی رکاوٹ کو جون 2025 میں امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کی حفاظتی نگرانی میں موجود جوہری تنصیبات پر حملوں سے الگ کرکے نہیں دیکھا جا سکتا۔
نجفی کے مطابق، نگرانی کے تسلسل میں تعطل کی بنیادی وجہ امریکہ اور اسرائیلی حکومت کے وہ بڑے پیمانے پر غیر قانونی فوجی حملے ہیں جن میں ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی کی تازہ رپورٹ میں بھی کہا گیا ہے کہ ایجنسی حملوں سے متاثرہ تنصیبات میں ایران کے پہلے سے اعلان کردہ کم اور زیادہ افزودہ یورینیم کے ذخائر کی نگرانی اور ان کے بارے میں معلومات کا تسلسل برقرار رکھنے میں ناکام رہی ہے۔ ایجنسی اب تک ان مقامات پر تصدیقی سرگرمیاں دوبارہ شروع نہیں کر سکی۔
ایرانی سفیر نے جوہری تنصیبات پر حملوں کو نظر انداز کرنے اور ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورت حال کا ذمہ دار ایران کو ٹھہرانے پر آئی اے ای اے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایجنسی واقعات کی ترتیب کو الٹ کر پیش کر رہی ہے اور جارحیت کرنے والوں کے بجائے اس کا نشانہ بننے والے ملک کو ذمہ دار قرار دے رہی ہے۔
نجفی نے آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ اس نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں کی مذمت تک نہیں کی۔ انہوں نے 1981 میں عراق کی جوہری تنصیب پر اسرائیلی حملے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت آئی اے ای اے کی جنرل کانفرنس اور بورڈ آف گورنرز نے تقریباً دس قراردادوں کے ذریعے اس حملے کی مذمت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ حملے زیادہ وسیع اور بڑے پیمانے پر ہوئے، ایسی فعال تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جہاں جوہری مواد موجود تھا، اور ڈائریکٹر جنرل کے اپنے اعتراف کے مطابق یہ ایجنسی کی تاریخ میں اپنی نوعیت کے بے مثال حملے تھے، لیکن اس کے باوجود پوری ایجنسی نے مکمل خاموشی اختیار کیے رکھی۔
آپ کا تبصرہ