16 اکتوبر، 2026، 8:09 PM

چین کا جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے معاملے پر امریکہ سے عملی اقدامات کا مطالبہ

چین کا جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے معاملے پر امریکہ سے عملی اقدامات کا مطالبہ

چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان نے بیجنگ کو جوہری ہتھیاروں کے خاتمے سے متعلق مذاکرات میں شامل ہونے کے امریکی مطالبے کو غیرمنصفانہ قرار دیتے ہوئے واشنگٹن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جوہری اسلحے میں تخفیف کے حوالے سے عملی اقدامات کرے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماؤ نِنگ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ چین، بیجنگ سے جوہری اسلحے میں تخفیف کے مذاکرات میں شمولیت کے امریکی مطالبے کو غیرمنصفانہ، بے بنیاد اور غیرحقیقت پسندانہ سمجھتا ہے۔

ماؤ نِنگ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے ردعمل میں یہ بیان دیا ہے۔

واضح رہے ٹرمپ نے کہا تھا کہ واشنگٹن، ماسکو اور بیجنگ کے ساتھ جوہری ہتھیاروں کے ذخائر میں کمی کے حوالے سے مذاکرات کر رہا ہے۔

چین کی وزارتِ خارجہ کی ترجمان نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ دنیا کے سب سے بڑے جوہری ہتھیاروں کے ذخائر رکھنے والے ممالک پر اسلحے میں تخفیف کے حوالے سے خصوصی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، امریکہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلے میں اپنے وعدوں پر عمل کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن ممالک کے پاس جوہری ہتھیاروں کے سب سے بڑے ذخائر ہیں، انہیں تخفیفِ اسلحہ کے حوالے سے اپنی خصوصی اور بنیادی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے اور اپنے جوہری ہتھیاروں میں نمایاں کمی کرکے بین الاقوامی سطح پر تخفیفِ اسلحہ کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے راہ ہموار کرنی چاہیے۔

بیجنگ نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ چین کی پالیسی جوہری ہتھیاروں کے استعمال میں پہل نہ کرنے اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے ضروری حد تک جوہری صلاحیت برقرار رکھنے پر مبنی ہے۔ چین کا ارادہ دوسرے ممالک کے ساتھ ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہونے کا نہیں ہے۔

یاد رہے چین اس سے قبل بھی جوہری ہتھیاروں پر کنٹرول کے حوالے سے سہ فریقی مذاکرات میں شمولیت کے امریکی مطالبے کی مخالفت کر چکا ہے۔

بیجنگ کا مؤقف ہے کہ چین کے جوہری ہتھیاروں کے ذخائر کا امریکہ اور روس کی جوہری صلاحیتوں سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔

چین کا اصرار ہے کہ امریکہ اور روس، جو دنیا میں جوہری ہتھیاروں کے سب سے بڑے ذخائر رکھنے والے دو ممالک ہیں، پہلے اپنے ہتھیاروں میں نمایاں اور قابلِ تصدیق کمی کریں، تاکہ دیگر جوہری ممالک کی تخفیفِ اسلحہ کے عمل میں شرکت کے لیے ضروری حالات پیدا ہو سکیں۔

News ID 1942158

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha