مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ہمسایہ ممالک کے نام اپنے پیغام میں خطے کے مسلم ممالک پر باہمی اتحاد، خود انحصاری اور حقیقی بھائی چارے کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔
عراقچی نے سوشل میڈیا پر اپنے ذاتی صفحے پر لکھا کہ ایران کی مسلح افواج نے دنیا کی جدید ترین فوجی طاقت کے مقابلے میں اپنی آمادگی، صلاحیت اور اقتدار کو ثابت کردیا ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں ہمسایہ ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم ممالک اگر ایک دوسرے کے ساتھ متحد اور یکجا رہیں تو وہ بیرونی بدخواہ قوتوں کی جانب سے پیدا کیے جانے والے ہر چیلنج کا طاقت اور عزم کے ساتھ مقابلہ کرسکتے ہیں۔
عراقچی نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کے ممالک کو اپنی سلامتی اور مستقبل کے لیے بیرونی طاقتوں پر غیر ضروری انحصار سے گریز کرنا چاہیے۔ اب وقت آگیا ہے کہ مسلم ممالک صرف اپنی طاقت اور صلاحیت پر بھروسا کریں اور حقیقی بھائی چارے کو اختیار کریں۔
آپ کا تبصرہ