مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، برازیل کے صدر لوئیز ایناسیو لولا دا سلوا نے خبردار کیا ہے کہ وینزویلا کے خلاف کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی ایک بڑے انسانی المیے کو جنم دے گی۔
تفصیلات کے مطابق، جنوبی امریکہ کے تجارتی و سیاسی بلاک مرکوسور کے سربراہی اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طاقت کے استعمال سے خطے میں بحران مزید گہرا ہوجائے گا۔
صدر لولا دا سلوا نے واضح کیا کہ امریکہ کی جانب سے وینزویلا کے خلاف عسکری اقدام نہ صرف وینزویلا بلکہ پورے خطے کے لیے تباہ کن ثابت ہوگا۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ دنوں میں وینزویلا کے خلاف جنگ کے امکان کو مسترد کرنے سے انکار کیا ہے۔
یاد رہے کہ 18 دسمبر کو امریکی صدر نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ وینزویلا کے ساتھ جنگ کے امکان کو رد نہیں کرتے۔ اگرچہ انہوں نے کراکس کے بارے میں اپنے حتمی اہداف کی وضاحت نہیں کی، تاہم صدر نکولس مادورو کے حوالے سے یہ دعوی کیا کہ وہ امریکی مطالبات سے بخوبی آگاہ ہیں۔
اطلاعات کے مطابق صدر ٹرمپ نے حالیہ دنوں میں وینزویلا پر دباؤ مزید بڑھا دیا ہے اور گزشتہ ہفتے اس ملک کے محاصرے کا اعلان بھی کیا تھا، جب کہ مادورو حکومت کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے امکانات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
آپ کا تبصرہ