مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تہران میں منعقدہ تقریب میں ایران کے نیوکلیئر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے جدید طبی ریڈیوفارماسوٹیکل مصنوعات اور نیوکلیئر میڈیسن کے آلات عوام کے سامنے پیش کیے۔ تقریب میں نائب صدر محمدرضا عارف اور ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ محمد اسلامی بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر ریڈیوفارماسوٹیکل کی مصنوعات پیش کی گئیں جو کینسر کی تشخیص اور علاج میں استعمال ہوں گی جن میں سے ¹⁷⁷Lu-Alpha-MSH جو میٹاسٹیک میلانومہ (Metastatic Melanoma) کے تھراپیٹک علاج کے لیے تیار کیا گیا، ⁶⁸Ga-Alpha-MSH جو پی ای ٹی امیجنگ کے لیے تشخیصی کردار ادا کرے گا، اور ایک خودکار ریڈیوفارماسوٹیکل پروڈکشن مشین جو کینسر کے میٹاسٹیسس سے پیدا ہونے والے ہڈیوں کے درد (Bone Pain) کے علاج میں مددگار ثابت ہوگی۔ یہ مصنوعات اعلی معیار اور حفاظتی پروٹوکولز کے مطابق تیار کی گئی ہیں۔
تقریب میں نیشنل نیوکلیئر ایجوکیشن نیٹ ورک کا بھی آغاز کیا گیا، جس کا مقصد نیوکلیئر میڈیسن کے ماہر پروفیشنلز کی تربیت، جدید سائنسی معلومات کی منتقلی اور ملک میں پائیدار سائنسی و طبی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ یہ اقدامات ایران کے طبی شعبے میں خود کفالت اور جدید علاج کے معیار کو بلند کرنے میں اہم قدم تصور کیے جارہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ