مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں امریکہ اور تین یورپی ممالک کی جانب سے پیش کی گئی ایران مخالف قرارداد منظور کرلی گئی۔
35 رکنی بورڈ میں سے 19 ممالک نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا، جبکہ روس، چین اور نائجر نے مخالفت کی۔ 12 ممالک نے ووٹنگ سے اجتناب کیا۔
قرارداد میں ایران سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کو یورینیم کے ذخائر سے متعلق درست معلومات فراہم کرے اور جوہری تنصیبات تک رسائی دے۔
ایران نے مغربی ممالک کے اقدامات کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ وہ بمباری کا نشانہ بننے والی جوہری تنصیبات کے حوالے سے آئی اے ای اے سے تعاون نہیں کرے گا۔
دوسری جانب آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رفائل گروسی نے کہا ہے کہ ایجنسی کے معائنہ کار ایران واپس آگئے ہیں اور انہوں نے ان تنصیبات کا جائزہ لیا ہے جو جون کے حملوں سے متاثر نہیں ہوئیں۔
آپ کا تبصرہ