مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صنعاء میں یمنی وزیر اعظم اور کابینہ پر صہیونی حکومت کے حملے کے بعد انصار اللہ کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے باوجود یمن اپنے اصولی اور ایمانی موقف پر قائم رہے گا۔ ہم دشمن کے مقابلے میں اپنا موقف برقرار رکھتے ہوئے کاروائیوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ ہم اس مقدس معرکے میں داخل ہوچکے ہیں جو دشمن صہیونی کے خلاف ہے؛ ایسا دشمن جو نہ صرف امتِ مسلمہ ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت اور بشریت کے لیے خطرہ ہے۔
الحوثی نے کہا کہ ہم دشمن کے خلاف تمام میدانوں میں ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ ہمارے بہادر مرد، خواتین اور بچے ایمان اور ارادے کے ساتھ اس عظیم جنگ میں شریک ہیں اور مسلسل سرگرم عمل ہیں؛ چاہے وہ بڑے پیمانے پر جلوس اور مظاہرے ہوں یا علمی و سماجی سرگرمیاں۔ ہماری قوم کی یہ حرکت بصیرت و آگاہی پر مبنی ہے اور دشمن کا کوئی بھی خطرہ یا اقدام ان کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ یمنی قوم اللہ تعالی کے وعدے پر ایمان رکھتے ہوئے خدا کی راہ میں استقامت کا مظاہرہ کررہی ہے۔ اس راستے میں ہم صبر اور استقامت سے کام لیں گے کیونکہ خدا صبر کرنے والوں کو پسند کرتا ہے۔
انصار اللہ کے سربراہ نے کہا کہ ملک کے سیکیورٹی اداروں نے وسیع کوششوں کے ذریعے داخلی محاذ کی بہتری میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور یہ سلسلہ مکمل عوامی و قومی پشت پناہی کے ساتھ جاری ہے۔ یمنی قوم نے قبائلی قومی منشور پر دستخط، دشمنوں کے خلاف کے مظاہروں میں شرکت اور قبائلی اجتماعات کے انعقاد کے ذریعے اپنے سیکیورٹی اداروں اور ان کی ذمہ داریوں کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔ کسی بھی سطح پر، سیاسی یا غیرسیاسی، کوئی خیانت قابل قبول نہیں ہے۔ یمنی قوم ہوشیاری کے ساتھ ہر اس سازش کے مقابلے میں کھڑی ہے جو صہیونی دشمن سے تعاون یا اس کے منصوبوں اور جرائم کے نفاذ کے لیے کی جاتی ہو۔ جو بھی فرد دشمن کی خدمت کرے، وہ حقیقی معنوں میں خائن ہے اور عوام ایسی خیانت پر خاموشی یا صبر نہیں دکھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یمنی قوم کا موقف ایک ہے اور قرآن کریم، شریعت اسلامی اور اس سے اخذ شدہ قوانین کی بنیاد پر دشمن کے مقابلے میں استقامت اختیار کرتی ہے۔
انصاراللہ کے رہبر نے مزید کہا کہ یمن کے سیکیورٹی ادارے کامیابی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں۔ یہ سلسلہ آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گا۔ یہ کامیابیاں صہیونی دشمن کے جرائم کو ناکام بنانے میں بڑا کردار ادا کر رہی ہیں، چاہے وہ یمنی قوم کے خلاف ہوں یا حکومتی اور عوامی اداروں کے خلاف۔
انہوں نے کہا کہ دشمنوں کے دباؤ اور حملوں کے باوجود یمنی ملت کا موقف ثابت و استوار ہے۔ خدا کے وعدے پر مکمل اعتماد نے انہیں بڑی کامیابیوں سے ہمکنار کیا ہے اور ان کے لیے ایمانی عزت رقم کی ہے۔ یمنی عوام امید کے ساتھ، خدا کی نصرت پر بھروسہ رکھتے ہوئے، مزاحمت کا راستہ جاری رکھیں گے اور قیدیوں کی آزادی، زخمیوں کی صحت یابی اور مظلوم اقوام بالخصوص فلسطین کی فتح کے لیے دعاگو رہیں گے۔
آپ کا تبصرہ