مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران اور تین یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ نے، یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے برائے خارجہ پالیسی کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ منگل کو نائب وزرائے خارجہ کی سطح پر مذاکرات منعقد ہوں گے۔
گفتگو کے دوران ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اسنپ بیک میکانزم کے حوالے سے ایران کے مؤقف کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ یورپی ممالک اور یورپی یونین کو نہ قانونی اور نہ اخلاقی طور پر اس میکانزم کا سہارا لینے کا حق حاصل ہے اس کے باوجود ایسا اقدام کیا گیا تو سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
عراقچی نے کہا کہ ایران اپنی حفاظت میں طاقت کے ساتھ کھڑا ہے، لیکن اس کے باوجود کبھی بھی سفارتکاری سے منہ نہیں موڑا۔ ایران ہر اس حل کے لیے تیار ہے جو ایرانی عوام کے حقوق اور مفادات کی ضمانت دے۔
انہوں نے یورپی تجویز پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ قرارداد 2231 کی توسیع کا اختیار صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پاس ہے۔ ایران اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہتے ہوئے اس عمل میں براہِ راست شامل نہیں ہوگا، البتہ اپنے دوست ممالک کے ساتھ مشاورت جاری رکھے گا۔
یورپی وزرائے خارجہ اور یورپی یونین کے نمائندے نے بھی ایک بار پھر سفارتکاری کے ذریعے مسئلے کے حل پر آمادگی ظاہر کی۔
گفتگو میں طے پایا ہے کہ ایران اور یورپی ممالک کے درمیان مذاکرات آئندہ منگل کو نائب وزرائے خارجہ کی سطح پر منعقد کیے جائیں گے۔
آپ کا تبصرہ