مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج تیانجِن شہر میں اپنے ایرانی ہم منصب سید عباس عراقچی سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا اور مشرقِ وسطیٰ خصوصاً ایران پر حالیہ اسرائیلی حملے کے بعد کی صورتِ حال پر تفصیلی بات چیت کی۔
اسحاق ڈار نے ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بات چیت اور سفارت کاری ہی تناؤ میں کمی اور پائیدار امن کا واحد راستہ ہے۔
قبل ازیں، پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر ایک پوسٹ میں ایران، ازبکستان اور بیلا روس کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ملاقات کی تصویر شیئر کی۔
انہوں نے لکھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر ایرانی، ازبک اور بیلا روسی ہم منصبوں سے ملاقات، بالخصوص چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات سے قبل، "عوامی ہالِ عظیم" بیجنگ میں، ایک اہم موقع تھا۔
اسحاق ڈار نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ ہمیشہ تبادلۂ خیالات، باہمی مفاہمت اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے خاص طور پر ایسے پر چیلنج اوقات میں نہایت اہم اور فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
آپ کا تبصرہ